وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی جاری


کراچی: قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی جاری ہے۔

ترجمان این ڈی ایم کا کہنا ہے کہ ایف ڈبلیو او گجر نالہ، کورنگی نالہ اور مواچھ گوٹھ نالہ پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تین بڑے نالوں پر کل 40 مقامات پر چوک پوائنٹس تھے، اب تک 25 چوک پوائنٹس کو صاف کیا  جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں متوقع بارشیں: کے ایم سی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

این ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ گجر نالہ 40، کورنگی 45 اور مواچھ گوٹھ نالہ 51 فیصد تک صاف کیا جا چکا ہے، گزشتہ روز 6 ہزار ٹن سے زائد کچرا نالوں سے نکالا گیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے، ایف ڈبلیو او اور دیگر اداروں سے رابطے میں ہیں، وزیراعظم کو روزانہ کی بنیاد پر کام کی پیش رفت سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی کا آغاز کیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق کراچی میں 552 چھوٹے بڑے برساتی نالے ہیں۔ کرچی میں 38 بڑے نالوں میں سے 22 کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر شروع کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی کا کام جاری

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ 19 نالوں کی صفائی کی ذمہ داری سندھ حکومت نے لی ہے۔ گجر نالہ، کورنگی نالہ اور مواچھ گوٹھ نالہ پر ایف ڈبلیو او کام کر رہا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم کے مطابق کراچی کے 3 بڑے نالوں پر کل 21 مقامات پر چوک پوائنٹس ہیں۔ نالوں کی صفائی پر ایف ڈبلیو او کی 14 ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

این ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ ٹیموں نے گزشتہ روز 4 ہزار 364 ٹن کچرا نالوں سے نکالا۔ ایف ڈبلیو او نالوں کی صفائی کا کام 24 گھنٹے کی بنیاد پر کر رہا ہے۔

دوسری جانب میئرکراچی وسیم اختر نے متوقع بارشوں کے پیش نظر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سراج قاسم تیلی کا کراچی کو اگلے 5سال کیلئے فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ

میئر کراچی نے ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اوردیگر محکموں کے متعلقہ افسران وعملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

میئرکراچی نے ضلعی چیئرمینوں سے رابطہ،عملے اورمشینری کوتیارحالت میں رکھنے کی ہدایت کردی۔


متعلقہ خبریں