کراچی: کورنگی میں مبینہ دستی بم حملہ،3 افراد زخمی


کراچی: کراچی کے علاقے کورنگی میں ناصرکالونی میں مبینہ طور پردستی بم حملے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔

دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے افراد نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ جائیداد کے تنازع پر مخالف گروپ نے کریکرسےحملہ کیا۔ حملہ کرنے والے ملزمان کے نام پولیس کو بتادیے گئے ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق جناح اسپتال لائے گئے تینوں افراد کو گہرے زخم آئے ہیں۔

دریں اثناء کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ دستی بم کالیورنہیں ملا، تاہم موٹرسائیکل کی ٹینکی پرکریکرکے نشانات ہیں۔

خیال رہے کہ 27 جولائی کو کراچی پولیس نے تھانہ گلبہار میں دستی بم حملے کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔

تھانہ گلبہار پر نامعلوم  تین سے چار ملزمان نے کریکر حملہ کیا تھا۔ کریکر پھٹنے سے قبل ہی بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اسے ناکارہ بنا دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: ہرات میں افغان فورسز کی بمباری سے 20 افراد ہلاک

ہم نیوز کے ذرائع کے مطابق تھانہ گلبہار کے باہر نصب سی سی ٹی وی کیمرے خراب تھے جس کی وجہ سے ملزمان کی فوٹیج نہیں بن سکی تھی۔

یاد رہے کہ 8 جولائی کو کراچی کے علاقے سچل تھانہ کی حدود میں دستی بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوا تھا۔

سچل کے علاقے میں واقع بیکری پر پھینکے جانے والے دستی بم میں آرجی ڈی ون بارود استعمال کیا گیا تھا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس) نے یہ بات اپنی ابتدائی رپورٹ میں بتائی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق سچل میں بیکری پر جو دستی بم پھینکا گیا تھا اس کا لیور جائے وقوع سے حکام کو ملا تھا۔

بی ڈی ایس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دستی بم روسی ساختہ تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ لیاقت آباد میں ہونے والے دستی بم حملے میں بھی آر جی ڈی ون بارود استعمال ہوا تھا۔


متعلقہ خبریں