مشیر خزانہ کی زیر صدارت ایکنک اجلاس کا اعلامیہ جاری

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایکنک نے 6.806 ارب ڈالر مالیت کے ایم ایل ون منصوبہ کی منظوری دے دی۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ایم ایل ون منصوبے کے تحت ریلوے کا 2655 کلو میٹر ٹریک اپ گریڈ ہوگا۔ ریلوے کے ٹریک کو جلد از جلد اپ گریڈ کرنے کا کام تین پیکیجز میں کیا جائے گا۔

اعلامیہ کے مطابق مسافر ٹرینوں کی تعداد 34 ٹرینوں سے بڑھ کر 137 اور پھر 171 ہوجائے گی۔ ریلوے کی مال بردار گاڑیاں 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔

جاری اعلامیہ کے مطابق منصوبے پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے پراجیکٹ اسٹیئرنگ کمیٹی بنائی جائے گی۔

اعلامیہ کے مطابق ایکنک نے 11 ارب 7 کروڑ روپے مالیت کے پاکستان سنگل ونڈو منصوبے کی بھی منظوری دی۔ کراچی میں ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی تعمیری لاگت میں تبدیلی کی بھی منظوری دیدی گئی۔ یہ منصوبہ 78 ارب 38 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔

جاری اعلامیہ کے مطابق یو ایس پاکستان نالج کوریڈور منصوبے کے پہلے فیز کی بھی منظوری دیدی گئی۔ نالج کوریڈور منصوبے پر 25 ارب 22 کروڑ سے زائد کی لاگت آئے گی۔ منصوبے کے تحت 1000 طلبا و طالبات کو پی ایچ ڈی کیلئے ا سکالر شپ فراہم کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ 6 جون کو سنٹرل ڈویپلمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے ریلوے ٹریک ایم ایل ون پروجیکٹ منظور کرلیا تھا۔

ڈی ڈبلیو پی کی سفارشات قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) کو بھجوادی گئی تھیں.

مزید پڑھیں:  جب تک ایم ایل ون منصوبہ نہیں بنے گا ریلوے ٹھیک نہیں ہو سکتی، شیخ رشید

خیال رہے کہ 18 اپریل 2019 کو پاکستان اور چین کے درمیان ریلوے کے معاہدے ایم ایل ون پر دستخط ہوئے تھے۔

وزیراعظم عمران خان اور چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ کی موجودگی میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور چینی وزیر ریلوے نے ایم ایل ون معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

معاہدے پر دستخط کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ آج پاکستان میں ریلوے کی تاریخ کا بڑا دن ہے۔ ایم ایل ون منصوبے کے تحت پشاور سے کراچی تک ڈبل ٹریک بنایا جائے گا جب کہ نئے ٹریک پر ٹرین کی اسپیڈ کم از کم 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار ہو گی۔

انہوں ںے کہا تھا کہ 13 سال پہلے میں نے ہی اس منصوبے کی فیزیبلیٹی رپورٹ پر دستخط کیے تھے۔


متعلقہ خبریں