پاک افغان بارڈر: سرحد پار سے فائرنگ، ایک جوان شہید، دو زخمی

پاک افغان بارڈر: سرحد پار سے فائرنگ، ایک جوان شہید، دو زخمی

اسلام آباد: پاک افغان بارڈر پرسرحد پار سے فائرنگ کی گئی ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔

پاک افغان سرحد پر باردوی سرنگ کا دھماکہ، ایک جوان شہید، چار زحمی

ہم نیوز نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے بتایا ہے کہ فائرنگ دیر کے علاقے بن شاہی میں کی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی کا ایک سپاہی شہید ہو گیا ہے جب کہ دو زخمی ہوئے ہیں۔

ہم نیوز نے آئی ایس پی آر کے حوالے سے بتایا ہے کہ سرحد پار سے کی جانے والی فائرنگ کے دوران مارٹر اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع باجوڑ پر17 جولائی کو بھی افغانستان کی سرحد سے فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں تین شہری شہید اورسات زخمی ہوئے تھے۔

سرحد پار سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں دو سپاہی بھی زخمی ہوئے تھے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے نزدیکی طبی مرکز پہنچا دیا گیا تھا۔

پاک افغان سرحد پر دہشتگردی، پاک فوج کے 4 جوان شہید

افغانستان کی سرحد سے ماضی میں بھی پاکستان کے قبائلی علاقوں پر فائرنگ کی جاتی رہی ہے جس کے نتیجے میں بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ اسی طرح افغان سرحد سے پاک فوج کی چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

اکتوبر2019میں افغانستان کی سرحد سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے چھ جوانوں سمیت گیاہ افراد زخمی ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے اس وقت بتایا گیا تھا کہ افغان سیکیورٹی فورسز نے مارٹر گولوں اور بھاری مشین گنوں کا استعمال کیا۔

گزشتہ برس پاک افغان سرحد پر اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں پر افغانستان کے سرحدی علاقے سے حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں چھ جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

پاک افغان سرحد پر فائرنگ، باڑ لگانے میں مصروف جوان شہید

جون 2019 میں خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے باجوڑ اور بلوچستان کے علاقے قمر دین کاریز میں سرحد پار حملوں کے نتیجے میں پانچ سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں