شہباز شریف کو تعویز دھاگے کا کام کرنا چاہیے، شیخ رشید


اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے انہیں تعویز دھاگے کا کام کرنا چاہیے ۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پریس کانفرس میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے 5 سال مکمل کریں گے جبکہ حزب اختلاف کا جلد مطالبہ ہو گا کہ نیب ختم کرو ہم عمران خان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگلے 4، 5 ماہ بہت اہم ہیں اور اس حزب اختلاف میں وہ دم نہیں جو بنیادی ضرورت ہوتی ہے کیونکہ اس حزب اختلاف کو سہولتیں اور رعایتیں چاہیئیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف کا کیس سنجیدہ ہے انہیں تعویز دھاگے کا کام کرنا چاہیے کیونکہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر سخت الزامات ہیں۔ آصف علی زرداری کو کوئی فکر نہیں ہے کیونکہ انہوں نے کرمنل پروسیجر میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے پریس کانفرنس کے لیے بیٹے کو رکھا ہوا ہے۔ نیب ایک آزاد ادارہ ہے اور وہ کسی کو بھی طلب کر سکتا ہے۔ ہمارے لوگوں کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں قوم کو ایم ایل ون منصوبے کی مبارک باد دیتا ہوں، ایکنک نے کراچی سے پشاور تک ڈبل ٹریک منظور کیا ہے اور اس منصوبے میں 90 فیصد روزگار پاکستانیوں کو ملے گا۔ اس منصوبے پر اسی سال کام شروع ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ریلوے ٹریک پر آئے روز حادثات ہوتے رہتے ہیں جبکہ ایم ایل ون ٹریک سے نہ صرف سسٹم آٹو میٹک ہو جائے گا بلکہ ایم ایل ون ٹریک سے سفر کا دورانیہ بھی کم ہو جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹرینوں کی تعداد 34 سے بڑھ کر 146 ہو سکیں گی اور ایم ایل ون منصوبے میں تمام سگنل اپڈیٹ ہو جائیں گے اس منصوبے کی تکمیل میری زندگی کا مشن تھا۔

انہوں نے کہا کہ نالہ لئی منصوبے پر رواں سال کام شروع ہو جائے گا اور میری کوشش ہے کہ راولپنڈی میں ریلوے کی یونیورسٹی بھی بنائی جائے۔


متعلقہ خبریں