کراچی میں بارش: نالے اوورفلو، پانی گھروں میں داخل


کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں مون سون کے چوتھے اسپل کی بارش شروع ہوگئی ہے۔ کئی علاقوں میں برسانی نالے بھر گئے اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ 

ہم نیوز کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور محکمہ موسمیات نے رات تک تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

بارش کے بعد نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ گلیوں اور سڑکوں پر بھی پانی کھڑا ہوگیا، جس کی وجہ سے شہریوں کا شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بارش کے بعد اورنگی ٹاؤن 10 نمبر میں پل والی گلی میں نالہ اوور فلو ہوگیا اور گٹر کا گندا پانی سڑکوں پر آگیا۔ متعلقہ حکام ہیوی مشینری کے ذریعے کام میں مصروف ہیں۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن ،ائیرپورٹ، شاہ فیصل کالونی، ملیر، اسٹارگیٹ، سرجانی ٹاون، نارتھ ناظم آباد اور گلشن معمار میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی کے علاقے ڈیفنس ،گڈاپ، نیپا ناگن چورنگی، آئی آئی چندریگرروڈ ، گلشن 13ڈی ، فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال اور اطرف میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی کے علاقے ناظم آباد، لیاقت آباد اور گلبہار میں بھی بادل برس پڑے۔

کراچی میں بارش  کے بعد کے الیکٹرک کا ترسیلی نظام جواب دے گیا۔ کے الیکٹرک کے 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ، جس کی وجہ سے سرجانی ٹاؤن ، نیو کراچی اور نارتھ کراچی کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

فیڈرز ٹرپ کرنے کے بعد گلستان جوہر، ملیر، لیاقت آباد، اورنگی ٹاؤن میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ نیو گولیمار میں گزشتہ 4 گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نکاسی آب نہ ہونے کے باعث کچھ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل کرنا پڑی۔ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کیلئے کمشنر کراچی کو خط بھی لکھ دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی صدرمیں 28ملی میٹر،فیصل بیس کےاطراف 23ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ کے اطراف 11.8ملی میٹر،ایئرپورٹ کےاطراف 11.3ملی میٹر، ناظم آباد اورجناح ٹرمینل پر 9ملی میٹر،گلشن حدید میں 7ملی میٹر، پی اے ایف بیس مسرور پر.5ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 4.8،لانڈھی میں1.2ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

دوسری جانب قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے کراچی کے برساتی نالوں کی صفائی کا کام بھی جاری ہے۔

ترجمان این ڈی ایم کا کہنا ہے کہ ایف ڈبلیو او گجر نالہ، کورنگی نالہ اور مواچھ گوٹھ نالہ پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تین بڑے نالوں پر کل 40 مقامات پر چوک پوائنٹس تھے، اب تک 25 چوک پوائنٹس کو صاف کیا  جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں متوقع بارشیں: کے ایم سی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

این ڈی ایم اے کے ترجمان نے کہا کہ گجر نالہ 40، کورنگی 45 اور مواچھ گوٹھ نالہ 51 فیصد تک صاف کیا جا چکا ہے، گزشتہ روز 6 ہزار ٹن سے زائد کچرا نالوں سے نکالا گیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے، ایف ڈبلیو او اور دیگر اداروں سے رابطے میں ہیں، وزیراعظم کو روزانہ کی بنیاد پر کام کی پیش رفت سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی کا آغاز کیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق کراچی میں 552 چھوٹے بڑے برساتی نالے ہیں۔ کرچی میں 38 بڑے نالوں میں سے 22 کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر شروع کردی ہے۔


متعلقہ خبریں