خوف کی علامت مبینہ سیریل کلر گوجرانوالہ سے گرفتار



گوجرانوالہ: پولیس نے چھ افراد کو قتل کرنے والے مبینہ سیریل کلر کو گرفتار کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے ملزم کو گرفتاری کے بعد نا معلوم مقام پر منتقل کردیا۔ مبینہ سیریل کلر پیپلزکالونی کا رہنے والا ہے۔ ملزم نے پیپلز کالونی میں 6 افراد کو قتل اور 3 کو زخمی کیا تھا۔ ملزم اس سے پہلے بھی 2 افراد کو قتل کرکے جیل جا چکا ہے۔

گوجرانوالہ کے علاقہ پیپلز کالونی میں سیریل کلر خوف کی علامت بنا ہوا تھا۔ مبینہ سیریل کلر نے ایک ماہ کے دوران 2 خواتین سمیت 6 افراد کو قتل جبکہ 3 افراد کو شدید زخمی کیا۔

پولیس کے مطابق سیریل کلر چھت پر سوئے افراد کو نشانہ بناتا تھا اور یہ رات کے اندھیرے میں ایک چھلاوے کی طرح آتا اور 50 یا اس سے زائد عمر کے افراد کو بے دردی سے قتل کرکے غائب ہوجاتا تھا۔

ملزم نے تمام افراد کو تھانہ پیپلزکالونی کے علاقے میں تیز دھار آلے اور اینٹوں کے وار کرکے قتل کیا۔ مبینہ سیریل کلر کے حملوں سے 3 معمر افراد شدید زخمی ہوئے۔

ملزم نے 4 جولائی کو ایک گھر میں گھس کر تنزیلہ نامی خاتون کو تیز دھار آلے کے وار سے قتل کیا تھا۔ 18 جولائی کو حویلی میں سوئے محمد بوٹا، 26 جولائی کو چھت پر سوئے آصف جمیل اور پھر ایک معمر خاتون کو بے دردی سے قتل کیا۔

قتل کے پہ در پے واقعات ہو رہے تھے اور خوف کی علامت مبینہ کلر سیکیورٹی فورسز کے لیے چیلنج بن چکا تھا۔

ایس پی سول لائن امتیاز احمد کا کہنا ہے تمام زاویوں سے تحقیقات کررہے ہیں اور ملزم کی تلاش کے لئے پولیس کی ماہر ٹیمیوں نے دن رات کام کیا ہے۔

ملزم نے تھانیدار محمد شفیق اور اسکی بیوی نصرت اور راحیلہ کو تیز دھار آلے اور اینٹوں سے وار کرکے زخمی کیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم ارسلان نشے کا عادی اور اس نے شادی نہ ہونے اور گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہوکر تشدد کی راہ اپنائی۔

خطرناک ملزم 2007 میں ایک شخص کو زخمی اور 2017 میں ایک خاتون اسی طرح چھت پو سوئے قتل کرکے جیل بھی کاٹ چکا ہے۔


متعلقہ خبریں