سرفراز احمد واٹر بوائے کیوں بنے؟مصباح کا جواب

سرفراز احمد واٹر بوائے کیوں بنا؟ مصباح کا جواب

وہ منظر جب سرفراز احمد شان مسعود کیلئے میدان میں پانی اور جوتے لے کر آئے


پاکستان بمقابلہ انگلینڈ کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز چیمپیئنز ٹرافی کے فاتح سابق کپتان سرفراز احمد کو واٹر بوائے بنانے پر سوشل میڈیا پر کافی بحث کی جا رہی ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر میں جاری ٹیسٹ میں سابق کپتان سرفراز احمد بارہویں کھلاڑی کے طور پر شامل ہیں۔

میچ کے دوران سرفراز احمد  شان مسعود کیلئے میدان میں پانی اور جوتے لے کر آئے۔ جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ سرفراز کو عزت ملنی چاہیے تھی کیونکہ وہ چیمپیئن کپتان ہیں اور چیمپیئنز کے ساتھ ایسا سلوک روا نہیں رکھا جاتا۔

ایک صارف نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی تصویر یہ لکھ کر شیئر کی کہ کوہلی بھی ایسا کر چکے ہیں پی سی بی پر کسی ٹھوس مسئلہ پر تنقید ہونی چاہیے۔

ایک صارف نے جواب میں لکھا کوہلی کو کپتانی سے ہٹا کر پانی دینے پر نہیں لگایا گیا تھا. بلکہ ان کو آرام کرنے کے لیے اور جونیئر کو موقع دینے کے لیے باہر کیا گیا تھا۔

کچھ صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایسا کرنے میں کوئی حرج نہیں بہت سے عظیم کھلاڑیوں نے بارہویں کھلاڑی کا کردار ادا کیا ہے۔

سرفراز احمد کو واٹر بوائے بنانے پر  ردعمل دیتے ہوئےمصباح الحق کا کہنا تھا کہ یہ ایسی چیز ہے جس میں کسی قسم کی شرم نہیں ہونی چاہیے۔

مصباح کا کہنا تھا کہ یہ ایک ٹیم گیم ہے۔ جب ایسی صورتحال ہو کہ آپ کے باہر بیٹھے کھلاڑیوں نے باری باری جا کر پریکٹس بھی کرنی ہے تو ایسے میں جو بھی کھلاڑی دستیاب ہوگا وہی اپنے ساتھیوں کی مدد کرے گا۔


متعلقہ خبریں