پاک فوج نے کراچی میں بحالی کے کام کا آغاز کر دیا


راولپنڈی: پاک فوج نے کراچی میں طوفانی بارش کے بعد بحالی کے کام کا آغاز کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی میں طوفانی بارش کے بعد پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں مصروف عمل ہیں اور ضروری حفاظتی سامان کے ساتھ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

پاک فوج کی جانب سے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی بھی کی جا رہی ہے جبکہ پانی میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقام کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج کی ریسکیو ٹیمیں الرٹ ہیں۔

خیال رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے سڑکوں پہ پانی جمع ہے، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے اور نظام زندگی ابتر ہو کر رہ گیا ہے جب کہ بجلی کی عدم فراہمی نے صورتحال کومزید گھمبیر بنا دیا ہے۔

بارش کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ اور اس کے اطراف کی سڑکوں پہ پانی جمع ہو گیا۔

ایم اے جناح روڈ پہ واقع کے ایم سی بلڈنگ کے مرکزی دروازوں پر کم از کم دو فٹ سے زیادہ پانی کھڑا ہوا جو ٹریفک کی روانی کو شدید متاثر کرتا رہا۔

ہم نیوز کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر ایمبولینس سمیت کئی دیگر گاڑیاں کھڑے ہوئے پانی میں خراب ہو گئیں جنہیں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت دھکا لگا کر اسٹارٹ کرنے اور یا پھر راستے سے ہٹانے کی کوشش کرتے رہے۔

کراچی: ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے عملے کی چھٹیاں منسوخ

شہر قائد میں حسب معمول بارش شروع ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی جو رات گئے تک کئی علاقوں میں بحال نہیں ہوسکی تھی۔

شاہ فیصل گرین ٹاؤن اور ملحقہ بلاکس میں شام گزشتہ شام سات بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جب کہ بھیانی ہائیٹس ابوالحسن اصفہانی روڈ اور مسکن چورنگی گلشن کے مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ شام چھ بجے سے ان کے علاقے میں بجلی غائب ہے۔

کراچی میں بجلی کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا

ہم نیوز کے مطابق صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے بارش کے بعد درپیش صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

کراچی: وزیراعظم نے فوج، این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او سے مدد طلب کرلی

صوبائی وزرا اپنے دورے کے دوران لیاقت نیشنل اسپتال اور اس کے اطراف بھی گئے جہاں انہوں نے حالات کا جائزہ لیا۔

ہم نیوز کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے اس موقع پرکہا کہ اس مرتبہ بارش کے باوجود صورتحال کنٹرول میں ہے جبکہ صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ ضلع شرقی کی انتظامیہ نے اس مرتبہ بہتر اقدامات کیے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ ہفتے تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

کراچی میں آج سے بارشیں، اربن فلڈنگ کا خدشہ

محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی اور حیدر آباد سمیت ملحقہ علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا چکا ہے۔


متعلقہ خبریں