ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان



اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر بارش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا

سندھ جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں آج  گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، لیہ اور ملتان میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بہاولنگر، بہاولپور اور ڈی جی خان میں چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

صوبہ سندھ میں کراچی، حیدر آباد، جامشورو، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، بدین میں بارش متوقع ہے، شہید بینظیر آباد، سانگھڑ، سکھر، لاڑکانہ اور دادو میں بھی چند مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے پشاور، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، کوہاٹ اور بنوں میں  بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جب کہ خضدار، آواران ، لسبیلہ، کیچ، پنجگور اورتربت میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش، 60 فیصد رہائشی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل

خیال رہے کہ گزشتہ روز شہر قائد میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی  جس کے باعث کے الیکٹرک کا ترسیلی نظام درہم برہم ہو گیا اور شہر کے 60 فیصد رہائشی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی تھی۔

کراچی کے علاقوں کورنگی، ایف بی ایریا، نیو سعید آباد، گلشن اقبال بلاک 16،15،9،8 میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ ایف بی ایریا اور کے ڈی اے اسکیم 33 میں بجلی بحال کردی گئی ہے، ماڈل کالونی، گلستان جوہر 12، 13 ، لیاقت آباد 2 اور 3 میں احتیاطی طور پر بجلی بند کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی نکاسی اور سیفٹی کلیئرنس ملتے ہی متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش: نالے اوورفلو، پانی گھروں میں داخل

کراچی میں رات گئے وقفے وقفے سے تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے سڑکوں پہ پانی جمع ہے، ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے اور نظام زندگی ابتر ہو کر رہ گیا جب کہ بجلی کی عدم فراہمی نے صورتحال کومزید گھمبیر بنا دیا اور اس طرح پریشان حال لوگوں کی اذیت میں بے پناہ اضافہ ہو گیا۔


متعلقہ خبریں