امریکہ کی ہانگ کانگ کی چیف ایگزیکٹو سمیت 11 چینی حکام پر پابندیاں

چین کی امریکہ کو تنبیہ

واشنگٹن: امریکہ نے ہانگ کانگ کی چیف ایگزیکٹو سمیت 11 چینی حکام پر پابندیاں لگا دیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکہ نے کہا ہے کہ 11 چینی حکام کے اثاثے اور جائیدادیں بھی منجمد ہوں گی۔

امریکی سیکرٹری خزانہ نے کہا ہے کہ پابندیاں خودمختاری کو مجروح کرنے والوں کے خلاف لگائی گئی ہیں جبکہ امریکہ ہانگ کانگ کی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ ہانگ کانگ کی چیف ایگزیکٹو کیری لام پر بیجنگ کی پالیسیاں نافذ کرنے کا الزام ہے۔

گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں چینی ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹِک ٹاک پر پابندی کا اعلان بھی کیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی سکیورٹی حکام نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ چینی کمپنی اس ایپ کو امریکیوں کی ذاتی معلومات کو جمع کرنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نےفوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ٹک ٹاک سمیت دیگر چینی ایپس پر پابندی عائد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھارت نے چین کے ساتھ لداخ کے مقام پر ہونے والی جھڑپ کے بعد ٹک ٹاک سمیت 59 ایپلیکشنز پر پابندی عائد کر دی تھی۔


متعلقہ خبریں