صوبے ماسک کے بغیر سیاحوں کو داخلے کی اجازت نہ دیں، این سی او سی


اسلام آباد:  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے صوبوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ سیاحوں کو ماسک کے بغیر سیاحتی مقامات میں داخل ہونے کی اجازت نہ دیں۔

وفاقی وزیراسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں صوبوں کو سیاحت کے لیے گائیڈ لائنزمرتب کرنے کی ہدایت کی گئی۔

این سی او سی اجلاس نے کہا کہ پابندیاں ہٹانے کے بعد تمام سیاحتی مقامات پرایس اوپیز کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ ماسک کے بغیر سیاحت کی اجازت نہ دی جائے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان اورآزادکشمیر حکومتوں کو ایس اوپیزپرعملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ  دیگر صوبے بھی سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی تعداد کو محددود کریں۔ آئندہ 3 ہفتے تک سیاحتی مقامات اورہوائی اڈوں کی نگرانی کی جائے گی۔ آئندہ 3 ہفتے میں ٹیسٹنگ اور کنٹیکٹ ٹریسنگ کی رفتار کو بڑھایا جائے گا۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ سیاحت کے لیے تفصیلی ایس اوپیز پہلے سے ہی جاری کیے جاچکے ہیں۔ ٹورسٹ مینجمنٹ کے لیے وزارت صحت خصوصی ہدایات جاری کرے گی۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ 8 اگست سے سیاحتی مقمات جبکہ 10 اگست سے مارکیٹس، مالز، پبلک ٹرانسپورٹ،  ریسٹورنٹس، سینما گھر، تھیٹرز، جمز اور پبلک پارکس کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے کہا تھا کہ کورونا وبا کے حوالے سے کافی بہتری آئی ہے، جس کی وجہ سے ریسٹورنٹس میں باہر اور اندر بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔ ہوٹلز بھی شادی کے فنکشن کرسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا سے مزید 14 افراد جاں بحق، 842 نئے کیسز رپورٹ

انہوں نے کہا تھا کہ تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولے جائیں گے۔ 7ستمبر کو آخری ریویو کریں گے۔ میرج ہالز کو 15 ستمبرسے کھولا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹس کو ایس او پیز کے تحت پیر سے کھولنے کی اجازت ہوگی۔ سینما، تھیٹرز اور پبلک پارکس کو 10اگست سے کھول دیا جائے گا۔ جمز اور کلب کو بھی 10اگست سے کھولنے کی اجازت ہوگی۔ روڈ ٹرانسپورٹ کو بھی کھولا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا تھا کہ وٹی پارلرز اور مزاروں کو بھی کھولا جارہا ہے۔ مارکیٹوں پر وقت کی پابندی اور ہفتہ، اتوار کی چھٹی ختم کی جارہی ہے۔ تماشائیوں کے بغیر اسپورٹس سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے کہا تھا کہ وٹرسائیکل پر ڈبل سواری کی بھی اجازت ہوگی۔ ریلوے اور ایئر لائن فری آپریٹ کرسکیں گے۔ ریلوےا ور ایئر لائن میں سیٹیں چھوڑنے کی بندش ستمبر کے آخر تک برقرار ہوگی۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ 14اگست کے لیے خصوصی احکامات جاری ہوں گے۔ محرم سے متعلق علمائے کرام کے ساتھ مل کر ایس اوپیز بنائی جاچکی ہیں۔ عوام کے تعاون سے صورتحال کنٹرول میں آئی۔ یکم اکتوبر سے مسافر جہازوں میں نارمل سفر کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ایران میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ایران میں گزشتہ 2ہفتوں سے کورونا سے اموات میں اضافہ ہورہا ہے۔ بھارت میں روزانہ کی بنیاد پر 50ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ ایران میں وبا کی دوسری لہر جاری ہے، ہلاکتیں زیادہ ہورہی ہیں۔


متعلقہ خبریں