سندھ میں کورونا کے مزید 300 کیسز رپورٹ

فائل فوٹو


کراچی: سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید 300 کیسز رپورٹ ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق صوبے میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 23ہزار546ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ  کے مطابق سندھ میں کورونا سے مزید 3افرادجاں بحق ہوئے۔ سندھ میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 2ہزار 262ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق سندھ میں کورونا کے 254مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ سندھ میں کورونا کے 44مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ کراچی میں کورونا کے مزید 201کیسز رپورٹ ہوئے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت صحت کے امور سے متعلق اجلاس میں سیکریٹری صحت نے کورونا کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس کو بتایا کہ این سی سی میں اسکول اورشادی ہالز 15 ستمبر سے کھولنے کی عارضی تاریخ دی ہے۔ ہم اسکولز، ریسٹورنٹس، درگاہیں اور کاروباری سرگرمیاں کھولیں گے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں دوبارہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ اگر صورتحال اچھی ہوگی تو سب سروسز کھولنے کا فیصلہ کریں گے۔ ہم جو بھی سروسز کھولیں گے وہ ایس او پیز کے تحت ہونگی۔

انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں 14 اگست کو مزار قائد پر اسکولز کے بچوں کو نہ بلائیں۔ گورنر سےدرخواست کروں گا کہ ہم دونوں مزار پر جاکر پھولوں کی چادر چڑھائیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 14 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 842 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 6 ہزار 68 ہو گئی ہے اور 2 لاکھ 83 ہزار 487 افراد متاثر ہیں جبکہ ملک بھر میں کورونا کے 2 لاکھ 59 ہزار 604 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وبائی امراض کے ماہر ڈاکٹرانتھونی فاؤچی پر کورونا وائرس تیار کرنے کا الزام

پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 17 ہزار 8 سو 15 ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 24 ہزار 366 ایک کورونا ٹیسٹ کیے گئے۔  ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے 21 لاکھ 3 ہزار 699 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 246 اور خیبر پختونخوا میں کورونا مریضوں کی تعداد 34 ہزار 539 ہو گئی ہے۔ بلوچستان 11 ہزار 835، اسلام آباد 15 ہزار 214، آزاد جموں و کشمیر 2 ہزار 129، گلگت بلتستان دو ہزار 301 اور پنجاب میں 94 ہزار 223 کورونا مریض ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 166، سندھ میں 2 ہزار 259، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 222، اسلام آباد میں 171، بلوچستان میں 137، آزاد کشمیر میں 58 اور گلگت بلتستان میں 55 ہو چکی ہے۔

این سی او سی کے مطابق ‏ملک بھر کےاسپتالوں میں 213 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں جبکہ اسپتالوں میں کورونا وینٹی لیٹرز کی تعداد ایک ہزار 859 ہے۔ اس وقت ایک ہزار 595 مریض اسپتالوں میں داخل ہیں.


متعلقہ خبریں