سندھ حکومت کا تمام کاروبار 10اگست سے کھولنے کا فیصلہ

کراچی میں تجارتی مراکز کھولنے سے متعلق سفارشات تیار

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں تمام کاروبار 10 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق شادی ہالز اور اسکولز بدستور بند رہیں گے جب کہ تمام کاروباری سرگرمیاں ایس او پی کےتحت بحال کی جائیں گی۔

حکومت کا مارکیٹس، ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، اور پارکس 10 اگست سے کھولنے کا اعلان

گزشتہ ہفتے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وبا کے حوالے سے کافی بہتری آئی ہے، جس کی وجہ سے مارکیٹس، مالز، پبلک ٹرانسپورٹ،  ریسٹورنٹس، سینما گھر، تھیٹرز، جمز اور پبلک پارکس 10 اگست سے کھول دیے جائیں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولے جائیں گے۔ 7ستمبر کو آخری ریویو کریں گے۔ میرج ہالز کو 15 ستمبرسے کھولا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر اسدعمر نے کہا کہ ریسٹورنٹس میں باہر اور اندر بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔ ہوٹلز بھی شادی کے فنکشن کرسکتے ہیں۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ریسٹورنٹس کو ایس او پیز کے تحت پیر سے کھولنے کی اجازت ہوگی۔ سینما، تھیٹرز اور پبلک پارکس کو 10اگست سے کھول دیا جائے گا۔ جمز اور کلب کو بھی 10اگست سے کھولنے کی اجازت ہوگی۔ روڈ ٹرانسپورٹ کو بھی کھولا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وٹی پارلرز اور مزاروں کو بھی کھولا جارہا ہے۔ مارکیٹوں پر وقت کی پابندی اور ہفتہ، اتوار کی چھٹی ختم کی جارہی ہے۔ تماشائیوں کے بغیر اسپورٹس سرگرمیوں کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وٹرسائیکل پر ڈبل سواری کی بھی اجازت ہوگی۔ ریلوے اور ایئر لائن فری آپریٹ کرسکیں گے۔ ریلوےا ور ایئر لائن میں سیٹیں چھوڑنے کی بندش ستمبر کے آخر تک برقرار ہوگی۔

اسد عمر نے کہا کہ 14اگست کے لیے خصوصی احکامات جاری ہوں گے۔ محرم سے متعلق علمائے کرام کے ساتھ مل کر ایس اوپیز بنائی جاچکی ہیں۔ عوام کے تعاون سے صورتحال کنٹرول میں آئی۔ یکم اکتوبر سے مسافر جہازوں میں نارمل سفر کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ایران میں گزشتہ 2ہفتوں سے کورونا سے اموات میں اضافہ ہورہا ہے۔ بھارت میں روزانہ کی بنیاد پر 50ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ ایران میں وبا کی دوسری لہر جاری ہے، ہلاکتیں زیادہ ہورہی ہیں۔

متعلقہ خبریں

ٹاپ اسٹوریز