وزیراعظم آج ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کا آغاز کریں گے



اسلام آباد: آج  ملک بھر میں ٹائیگرفورس ڈے منایا جارہا ہے اور اس موقع پر وزیراعظم عمران خان پاکستانی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کا افتتاح کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے تمام ارکان پارلیمان، وزرا،  وزرائے اعلیٰ اور ٹائیگر فورس کو مہم میں شرکت کی ہدایت کی ہے۔

ٹویٹ پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کے دوران ایک دن میں پینتس لاکھ درخت لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے لیکن اس سے تجاوز کرنے کی کوشش کریں گے۔

شجرکاری مہم کا آغاز وزیراعظم کریں گے اور انہوں نے قوم کو بھی اس مہم کا حصہ بننے کی ہدایت کی ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ عالمی حدت سے متاثرہ ممالک میں پاکستان کا دسواں نمبر ہے اور ہم زیادہ سے زیادہ درخت اگا کر ہی اپنے ملک کے مستقبل کے خطرات سے محفوظ بنا سکتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان بد قسمتی سے دنیا میں وہ ملک ہے جہاں جنگلات بہت کم ہیں، اگر جنگلات نہ اگائے گئے تو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آزادی سے اب تک 30 نیشنل پارک تھے، ہم نے مزید 9 نیشنل پارک ڈیکلیئر کیے ہیں جبکہ ان کی تعداد کو مزید بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف پودے لگانے ہی نہیں ان کو بچانا بھی ہے جس کے لیے جنگلات کےنگہبان 300 سے بڑھا کر 3 ہزار تک لے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کل کہ خیبرسے کراچی تک پودے لگائےجائیں گے۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ملک امین اسلم نے کہا کہ شجرکاری مہم میں ٹائیگرفورس کے رضاکارشرکت کریں گے اور ایک روزمیں زیادہ سےزیادہ  پودے لگانے کاریکارڈ بنائیں گے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا ہے کہ شجرکاری مہم پاکستان کی بہتری اورآنے والی نسلوں کی سلامتی کیلئے ہے۔ اپوزیشن جماعتیں سیاسی اختلافات ایک جانب رکھ کرقومی مہم کا حصہ بنیں۔


متعلقہ خبریں