ہمیشہ قانون کی پاسداری کی، تحقیقات سے نہیں گھبراتا، وزیر اعلیٰ پنجاب


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے اس لیے تحقیقات سے نہیں گھبراتا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی حکومت پرشروع دن سے ہی تنقید کی جا رہی ہے اور ہم پروپیگنڈا کرنے والوں کو روز جواب دیتے ہیں اس کے باوجود عوام شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے۔ لاہور ہائی کورٹ میں پیش ہوا اور نیب میں بھی پیش ہوں گا۔ روزانہ ہزاروں فائلیں ہوتی ہیں اور ہرفائل میرے پاس نہیں آتی تاہم ہم تمام معاملات قانون کے مطابق چلا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مخالفین اپنا کام کریں، ہم بھی اپنا کام کرتے رہیں گے۔ پنجاب بڑا صوبہ ہے اور میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ سب اچھا ہے لیکن جہاں جہاں مسائل نظر آتے ہیں وہاں کارروائی کرنا ہمارا فرض ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے دورہ لاہور میں ہماری انتظامیہ کی تعریف کی ہے اور جب ہمارا دامن صاف ہے تو پھر ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: چیف جسٹس کا بل بورڈ گرنے سے شہریوں کے زخمی ہونے کا نوٹس

عثمان بزدار نے کہا کہ ہم ہر جگہ جائیں گے اور تفصیلات بتائیں گے۔ ہم نے نہ کوئی غلط کام کیا اور نہ ہی کرنے دیں گے۔


متعلقہ خبریں