نوازشریف کیخلاف مقدمات کی سماعت میں ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا چاہیے، فواد چوہدری



اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آصف زرداری پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد ہوگی تو عدالت نوازشریف کیخلاف مقدمات میں ٹیکنالوجی کیوں استعمال نہیں کر رہی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا لکھا کہ کل احتساب عدالت آصف زرداری کو بذریعہ ویڈیو لنک چارج کرنے جا رہی ہے اور عدالتوں میں ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی خوش آئند ہے۔

فواد چوہدری نے لکھا کہ نوازشریف کے خلاف مقدمات میں ٹیکنالوجی استعمال کیوں نہیں کی جارہی۔ نواز شریف کےخلاف مقدمات کو فوری طور پر شروع کرنا چاہئے۔ نوازشریف ویڈیو لنک سے شامل ہوں۔

ہم نیوز کے ساتھ خصوصی بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بتایا کہ نوازشریف کا لندن سے آنے کو تیار نہیں اور کیسز رکے ہوئے ہیں۔

نوازشریف کیخلاف کیسز چلانے کیلئے جو ٹیکنالوجی عدالتوں کو چاہیے وہ ہم دے سکتے ہیں، لیکن ان کیخلاف مقدمات کی سماعت شروع ہونے چاہیے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے وکیل تاریخیں لے رہے لہذا عدالتوں کو ٹیکنالوجی استعمال کرتے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا چاہیے۔

وزیر نے کہا قانون کا مقصد لوگوں کو قید میں رکھنا مقصد نہیں ہوتا بلکہ سزا اور جزا کا جلد فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتیں آصف زرداری والا اصول نوازشریف کیلئے بھی استعمال کریں، عدالتیں نوازشریف کے کیس میں بھی ٹیکنالوجی کا سہارا لیں۔

ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ نے رہنما محمد زبیرنے کہا کہ سمجھ نہیں آتی فوادچودھری یہ سب کسے کہتے ہیں۔ وفاق نے نوازشریف کو خود جانے کی اجازت دی۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ابھی ایسا کوئی واقعہ نہیں ہوا جس میں نوازشریف نے کہا میں جواب نہیں دوں گا۔ نوازشریف کوبدنام زمانہ جج نے فارغ کردیا۔ پاناما جے آئی ٹی میں عرفان منگی کا پول بھی کھل گیا ہے۔

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ فوادچودھری کو کوئی مسئلہ ہے تو وزیراعظم سے بات کریں اور اگر ان کا کسی چیز پر کنٹرول نہیں تو وزیراعظم سے کہیں مجھے جانے دیں۔

لیگی رہنما محمد زبیر کا کہنا تھا کہ فوادچوہدری کا مسئلہ اسدعمر اورشاہ محمود قریشی سے ہے۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق فیصلہ عدالتوں نے کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں بھی ٹیکنالوجی کااستعمال کیا جائے کیوں کہ وزیراعظم کیلئے الیکشن کمیشن یا عدالت جانا مشکل ہوتا ہے۔


متعلقہ خبریں