آپ کی کاسٹ کیا ہے؟ جج کا آصف زرداری سے استفسار

آصف زرداری

وزیراعظم ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ملاقات صدر آصف زرداری کا ردعمل آگیا


اسلام آباد: پارک لین ریفرنس میں فرد جرم کی کارروائی کے دوران احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے سابق صدر آصف علی زرادری سے استفسار کیا کہ آپ کی کاسٹ کیا ہے؟

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد اعظم خان نے پارک لین ریفرنس کی سماعت کی۔ آصف زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے بلاول ہاؤس کراچی سے عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے آصف علی زرداری سمیت10 ملزمان پر فرد جرم عائد کی۔ احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے سابق صدر سے استفسار کیا کہ آپ کی کاسٹ کیا ہے؟ فرد جرم میں لکھنی ہے۔

آصف علی زرداری نے جواب دیا کہ’میں سندھی ہوں ،سندھ سے نمائندگی کرتا ہوں۔ عدالت نے سابق صدر سمیت دس ملزمان اور تین کمپنیوں پر فرد جرم عائد کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پارک لین ریفرنس میں آصف علی زرداری پر فرد جرم عائد

سابق صدر آصف علی زرداری نے عدالت میں جواب دیا کہ’ میں تمام الزامات مسترد کرتا ہوں‘۔ میرے وکیل سپریم کورٹ میں ہیں ان کے بغیر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔

جج اعظم خان نے کہا کہ فرد جرم آپ پر عائد کی جائے گی۔ اگر آپ کے وکیل نہیں آتے تو ہم ان کی غیرحاضری لگائیں گے۔ میں کسی وکیل کو زبردستی عدالت نہیں بلا سکتا۔ ہم آرڈر میں لکھیں گے کہ فرد جرم عائد کرتے وقت وکیل نہیں تھے۔

عدالت نے سابق صدر سمیت دس ملزمان اور تین کمپنیوں پر فرد جرم عائد کی ہے۔ ریفرنس میں نامزد3 ملزمان یونس قدوائی، عزیر نعیم اور اقبال میمن اشتہاری ہیں۔ مذکورہ کمپنیوں میں  پارک لین کمپنی، پارتھینون کمپنی اور ٹریکم پرائیویٹ لمیٹڈ شامل ہیں۔

احتساب عدالت نے ملزمان کو لگائی جانے والی دفعات سے ویڈیو لنک کے ذریعے آگاہ کیا۔ تمام ملزمان پر کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کے سیکشن 9اے 3، 4،6،12 تحت کیس چلے گا۔

عدالت نے انور مجید، شیرعلی، فاروق عبداللہ، سلیم فیصل اوراڈیالہ جیل میں موجود ملزم محمد حنیف پر بھی فرد جرم عائد کردی ہے۔ انور مجید سمیت تمام ملزمان نے بھی عدالت میں صحت جرم سے انکار کردیا ہے۔


متعلقہ خبریں