اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے، وزیراعظم


اسلام  آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر وولکن بوز سے ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ گزشتہ سال بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران ان کی حکومت نے لوگوں کی جانیں بچانے اور معیشت کی بحالی پرتوجہ مرکوز رکھی۔ حکومت نے غریبوں اورمستحق افراد کےلیے 8 بلین ڈالر کا امدادی پیکج دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یہ پاکستان میں کسی بھی حکومت کی جانب سے معاشرتی تحفظ کا سب سے بڑا پیکج ہے۔

وزیراعظم عمران خان نےوولکن بوزکر سے قرض سے نجات کےلیے اپیل کا ذکر بھی کیا۔ وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کےلیے اقدامات پربھی روشنی ڈالی۔

وزیراعظم نے وولکن بوزکر کو یواین جنرل اسمبلی کے نئے صدرمنتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

اس سے قبل اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر وولکن بوزکر نے کہا کہ دنیا کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفد سے ملاقات کے دوران پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کا کردار قابلِ تعریف ہے۔

وولکن بوزکر کا کہنا تھا کہ پاکستان یواین مشنز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے، بلوچستان میں سیلاب سے جانی نقصانات پر افسوس ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے امریکی ہم منصب کا ٹیلی فونک رابطہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر وولکن بوزکر کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وولکن بوزکر سے ملاقات کے دوران انہیں افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار سے بھی آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ملاقات میں ہم نے کورونا سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا، مجموعی طور پر آج وولکن بوزکرسے ملاقات خوشگوار رہی۔

قبل ازیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ امید ہے اقوام متحدہ (یو این) مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے موثر کردار ادا کرے گا۔

وزیر خارجہ نے وولکن بوزکر کو ملاقات کے دوران یو این جنرل اسمبلی کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی۔ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود، ڈی جی یو این اور  سینئر افسران بھی ملاقات میں شریک تھے۔

اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدر وولکن بوزکر سے ملاقات کے دوران شاہ محمود قریشی نے انہیں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کی، اور مسلسل لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزیاں بھی کر رہا ہے۔

انہوں نے وولکن بوزکر کو آگاہ کیا کہ بھارت شہریوں کو گولیوں سے نشانہ بنا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں