لویہ جرگہ معاہدے کی مفاہمتی دستاویز دستخط کیلئے افغان صدر کو ارسال


اسلام آباد: افغان لویہ جرگہ معاہدے کی مفاہمتی دستاویز دستخط کے لیے افغان صدر اشرف غنی کو ارسال کردی گئی ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق طالبان قیدیوں کی رہائی ہوتے ہی مذاکرات کی تاریخ کا حتمی اعلان کردیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز لویہ جرگہ میں 400افغان قیدیوں کی رہائی پر افغان حکومت رضامند ہوگئی تھی۔ طالبان قیادت قیدیوں کی رہائی کی منتظر ہے۔

سفارتی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا پاکستان نے افغان لویہ جرگہ کیطرف سے افغان قیدیوں کی رہائی کی سفارش کا خیرمقدم کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان محمد صادق نے اس حوالے سے دوحہ اور کابل میں حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔

مزید پڑھیں: امن معاہدے کی شرائط پر عملدرآمد کریں گے، ترجمان افغان طالبان

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستانی خصوصی نمائندے محمد صادق نے دوحہ میں سینئر طالبان رہنما ملا برادر سے اہم ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق محمد صادق نے کابل میں اعلیٰ افغان قیادت سے ملاقاتیں کیں اور انٹرا افغان مذاکرات کے لیے 13 اور 16 اگست کی تاریخ پر غور کیا گیا۔

خیال رہے کہ 29 جولائی کو  طالبان اور افغان حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر تین دن کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ نے کہا تھا کہ جنگ بندی کے دوران طالبان کسی قسم کی کارروائی نہیں کریں گے تاہم صرف اپنی دفاعی پوزیشن میں رہیں گے۔

دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی کے ترجمان نے طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے بھی سیکیورٹی فورسز کو  سیز فائر کا حکم دے دیا ہے۔

اشرف غنی کے ترجمان نے کہا تھا کہ اگر طالبان کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی گءی تو پھر ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں