متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی شروع


اسلام آباد: متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانی محنت کشوں کی وطن واپسی شروع ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے)  کی پہلی خصوصی پرواز متحدہ عرب امارات سے ملتان پہنچ گئی۔دوسری خصوصی پرواز رات 8 بجے اسلام آباد ائیر پورٹ پر لینڈ کرے گی۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی ذوالفار بخاری کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے مشکل وقت پر پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑے ہونے پر خوشی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 200 پھنسے ہوئے ہم وطن آج رات تک پاکستان پہنچ جائیں گے۔ مزید ہم وطنوں کی واپسی کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق 26 جولائی کو مسقط سے 200 سے زائد مسافروں کو لیکر خصوصی پرواز کراچی پہنچ گئی تھی۔ اسی طرح 28 جولائی کو 200 سے زائد مسافروں کو لیکر مسقط سے سیالکوٹ پہنچ گئی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق 29 جولائی کو مسقط سے ملتان، 30 کو اسلام آباد 31 جولائی کو پشاور جبکہ دو اگست کو مسقط سے لاہور مسافروں کو لایا  گیا تھا۔

خیال رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارتی نے گزشتہ ماہ اسپین میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے قطر ایئرویز کی خصوصی پرواز کے لیے اجازت نامہ جاری کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے پروازوں پر پابندی: پاکستان کا یورپی یونین میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

ہم نیوز کے مطابق قطر ایئر ویز کی خصوصی پرواز کو اجازت نامہ دینے کے لیے اسپین میں قائم پاکستانی سفارتخانے نے سی اے اے سے رابطہ کیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق قطر ایئر ویز کی خصوصی پرواز سے اسپین میں پھنسے ہوئے پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے تھے۔

یاد رہے کہ یورپی یونین نے گزشتہ دنوں پاکستان کی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی عائد کی تھی۔ ایف اے اے نے بھی گزشتہ روز عالمی ہوا بازی میں پاکستان کی ایک درجے تنزلی کردی تھی۔


متعلقہ خبریں