پنجاب حکومت صحت انصاف کارڈ سے طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ صحت انصاف کارڈ سے مستحق افراد کو طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائے۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نےاسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں صوبے میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم سے متعلق ٓگاہ کیا۔

وزیرصحت پنجاب نے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ عوام نے صحت کارڈ سے متعلق حوصلہ افزا ردعمل دیا۔ صحت انصاف کارڈ سے مستحق افراد کو ریلیف ملا۔

وزیراعظم عمران خان نے عوام کے مثبت ردعمل پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ صحت انصاف کارڈ سے طبی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت کو صحت انصاف کارڈ کے اجرا میں مشکلات کا سامنا

ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان اور صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہیلتھ کارڈ کے ذریعے صحت کی سہولیات سے متعلق عوامی ردعمل پر بات چیت کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال فروری میں  صحت انصاف کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان میں کئی خاندان صرف بیماری کی وجہ سے غریب ہوجاتے ہیں۔ غریب خاندان میں ایک بیمار کی وجہ سے سب ہی متاثر ہوتے ہیں جب کہ اپنوں کی تکلیف کا درد میں اچھی طرح سمجھ سکتا ہوں۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم تمام پالیسیاں غربت کے خاتمے کے لیے ہی بنا رہے ہیں۔ غریب آدمی اپنا علاج بیرون ملک سے نہیں کرا سکتا ہے اور اس کے لیے علاج معالجہ ہی سب سے مشکل ہوتا ہے جب کہ ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔ ہم غربت میں کمی اور نچلے طبقے کو اوپر لانے کا پلان جلد لا رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا تھا کہ حکومت کی پالیسی کا محورملک سے غربت کا خاتمہ ہے۔ امپورٹ اورایکسپورٹ خسارے کی وجہ سے روپے کی قیمت گری ہے جب کہ بنگلہ دیش اورسری لنکا بھی پاکستان سے آگے نکل گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں