قومی مفادات پر تمام سیاسی جماعتوں کا مؤقف ایک ہے، وزیر خارجہ


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ثابت ہو گیا قومی مفادات کے تحفظ پر تمام سیاسی جماعتوں کا مؤقف ایک ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو خطوط لکھے جس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت پر حزب اختلاف کے رہنماؤں سے اظہار تشکر کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مشترکہ اجلاس میں حکومت اور حزب اختلاف نے بالغ نظری کا مظاہرہ کیا جبکہ حزب اختلاف کے مثبت رویے کی تعریف آن فلور آف دی ہاؤس بھی کر چکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ثابت ہو گیا قومی مفادات کے تحفظ پر تمام سیاسی جماعتوں کا مؤقف ایک ہے۔ کشمیر سمیت اہم قومی معاملات پر ہم حزب اختلاف کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حزب اختلاف کی قابل عمل تجاویز کو ہمیشہ اہمیت دیتے رہیں گے اور کشمیر پالیسی پر آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے حزب اختلاف کی مثبت تجاویز کا منتظر ہوں۔

یہ بھی پڑھیں قومی اسمبلی اجلاس: اسمگلنگ روک تھام آرڈیننس توسیع تحریک کثرت رائے سے منظور

وزیر خارجہ نے کہا کہ 55 سال بعد مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل میں مباحثہ ہوا۔

گزشتہ دنوں چیئرمین پیپلز بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس میں حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ لوگ میری اور اپوزیشن کی آواز بند نہیں کر سکتے۔ آصف زرداری نےشروع میں کہا تھا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ ہم کسی این آر او میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ حکومت چاہتی ہے اپوزیشن ایوان میں نہ بولے۔


متعلقہ خبریں