سندھ گیمز کا انعقاد کراچی کے امن کی نوید سنا رہا ہے، گورنر سندھ


کراچی: گورنر سندھ محمد زیبر کا کہنا ہے کہ کھیلوں کو فروغ دے کر ہی ہم ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔

سندھ گیمز  کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد زبیر کا کہنا تھا کہ سندھ گیمز کا انعقاد کراچی کے امن کی نوید پوری دنیا کو سنا رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر کا کہنا تھا کہ ہم ایک نئی تاریخ رقم کرنے جارہے ہیں کہ ہمارے نوجوان کھیلوں کی جانب راغب ہوں اور ہمارے کھیل کے میدان آباد رہیں۔

تقریب میں میوزیکل پروگرام کے ساتھ ساتھ ٹیبلو بھی پیش کیا گیا جس کو شائقین نے خوب سراہا۔

سندھ گیمز کےاجرا کو کھلاڑیوں نے خوش آئند اقدام قرار دیا۔ کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ان کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملے گا۔

سندھ گیمز کے تحت سائیکل ریس  کا بھی مقابلہ ہوا۔ جس میں 36 تیز رفتار سائیکلسٹ نے حصہ لیا۔ ریس مزار قائد سے شروع ہوئی جو کہ اسٹیل ٹاؤن سے ہوتی ہوئی دوبارہ مزار قائد پر اختتام پذیرہوئی۔

تیز رفتار سائیکلنگ میں کراچی سے تعلق رکھنے والے علی الیاس نے پہلی، محمد فرقان نے دوسری اور میر پور خاص سے تعلق رکھنے والے محمد ولید نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کراچی کے شہریوں نے سندھ گمیز میں بھرپور دلچسپی لی اور سندھ حکومت کے اس اقدام کو خوش آئند قراردیا۔

سندھ گیمز کا آغاز

سندھ گیمز کا باقاعدہ آغاز 19 اپریل سے کیا گیا چار روز سے جاری یہ رنگا رنگ  کھیلو ں کا میلہ بڑے جوش وخروش سے جاری رہا ۔ سندھ گیمز میں ہزاروں کی تعداد میں کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔

ایونٹ میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ، میر پور خاص اور بے نظیر آباد کے کھلاڑیوں نے بڑھ چڑھ کےحصہ لیا۔ سندھ گیمز کے تحت 47 کھیلوں کے مقابلےہوئے۔ جن میں  30  مردوں اور 17 خواتین کے کھیلوں کے مقابلے شامل تھے۔

سوشل میڈیا پر تنقید

دوسری جانب سندھ گیمز میں اتھلیٹس کے لیے کیے گئے انتظامات کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور وزیر اعلیٰ سندھ سے نوٹس لینے کی درخواست کی گئی۔

صارفین کا کہنا تھا کہ چھ سال کے وقفے کے بعد ایونٹ شروع کیے جانے کے باوجود کھلاڑیوں کے ساتھ مذاق کیا گیا۔ انہیں خاطرخواہ انتظامات فراہم نہیں کیے گئے۔

17ویں سندھ گیمز کی افتتاحی تقریب میں گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر مہمان خصوصی تھے۔


متعلقہ خبریں