کورونا سے تسبیح اور مسواک کا کاروبار بھی متاثر

کورونا کے باعث تسبیح اور مسواک کا کاروبار بھی متاثر

فوٹو: نمائندہ ہم نیوز


پشاور: کورونا اور لاک ڈاون کی وجہ سے ایک طر ف لاکھوں افراد فریضہ حج کی ادائیگی سے محروم رہے تو دوسری جانب اس سفر سے وابستہ لوازمات کا کاروبار بھی بری طرح متاثر ہوا۔

رواں سال محدود حج اور عمرے کے باعث اس مقدس سفر سے وابستہ کاروبار بھی مندی کا شکار رہے۔ حج اور عمرہ کے لوازمات کے لئے شہرت رکھنے والے پشاور کے پیپل منڈی بازارمیں آج کل سیزن کے باوجود شدید مندی کارجحان ہے۔

پشاور کی پیپل منڈی بازار میں سیزن کے باجود گاہک نہیں ہیں۔ تسبیح، مسواک، جائے نماز، احرام اور کھجور کا کاروبار نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔ کروڑوں روپے کا سیزن میں کمانے والے تاجروں کو اس اسال نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

ایک تاجر نوید نے ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہر طرح کا کاروبار ان دنوں میں مندی کا شکار ہے۔ جائے نماز کا کاروبار عمرے اور حج کے ساتھ منسلک ہے۔ سیزن ختم ہوگیا لیکن ان چھ ماہ کےعرصے میں ایک جائے نماز بھی نہیں بیچا ہے۔

خلیف اللہ بھی اسی بازار میں ٹوپی اور تسبیح کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان سے شروع ہونے والا سیزن محرم تک چلتا تھا لیکن لاک ڈاؤن اور حج محدود ہونے کی وجہ سےاس سال کاروبار کی حالت بہت خراب رہی جس کی وجہ سے لاکھوں کا نقصان ہوا۔

پیپل منڈی بازاز میں 20 سے زائد حج و عمرہ لوزامات کی دکانیں ہے جہاں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں سمیت پڑوسی ملک افغانستان کو بھی مال سپلائی کیا جاتا ہے لیکن اب اس کی ترسیل بھی مکمکل طور پر بند ہے۔

شیر زمین اس بازار میں کھجور کے کام سے منسلک ہیں۔ ہم نیوز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کھجور کو سنبھال نہیں سکتے کم قیمت بیچنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ہمارے کاروبار کا دارومدار عمرہ اور حج پر منحصر ہے۔

حکومت کی جانب لاک ڈوان کے مرحلہ وار خاتمے سے پریشان حال تاجروں کو بہتر مستقل کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ کہتے دوبارہ حالات معمول پر آئے تو کاروبار دوبارہ چل سکے گا۔


متعلقہ خبریں