معیشت دوبارہ چلنا شروع ہوگئی، شبلی فراز


اسلام آباد:  وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی بھرپور کوششوں سے معیشت دوبارہ چلنا شروع ہوگئی ہے۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا  کابینہ کو مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے اقتصادی صورتحال پر بریفنگ دی۔

شبلی فراز نے کہا کہ مالیاتی خسارہ اس وقت 8.1 فیصد ہے۔ توقع تھی کہ مالیاتی خسارہ 9.1فیصد رہے گا۔ حکومت ملی تو جاری مالیاتی خسارہ 20ارب ڈالر تک پہنچ چکا تھا۔ جاری مالیات کے خسارے میں 2سال میں 17ارب ڈالر کی کمی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی غیر ضروری اخراجات روکنے کی پالیسی کامیاب رہی۔ زر مبادلہ کے ذخائر8ارب ڈالر سے بڑھ کر 12.5ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔برآمدات بڑھانے اور غیر ضروری درآمدات میں کمی کی پالیسی اپنائی۔

شبلی فراز نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 50لاکھ خاندانوں تک مالی امداد پہنچائی گئی۔ مکمل لاک ڈاوَن کی بات کرنے والے آج نظر نہیں آرہے۔ تعمیراتی شعبے کیلئے موجودہ حکومت نے تاریخی ریلیف پیکج دیا۔ جس طرح حکومت نے کورونا وبا سے نمٹا اس کی دنیا میں مثالیں دی جارہی ہیں۔

وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ تعمیراتی شعبے میں سرگرمیاں بحال ہونے سےر وزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ خوشی کی بات ہے کہ معیشت دوبارہ چلنا شروع ہوگئی ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ جولائی کے مہینے میں ہماری برآمدادت 2ارب ڈالر تھیں۔ سخت وقت تقریباً گزر گیا ہے اور اچھا وقت آنے والا ہے۔ معیشت میں بہتری سے اسٹاک ایکسچینج میں مسلسل استحکام آرہا ہے۔ ٹیکس محاصل ہدف سے 300ارب روپے زیادہ اکٹھا کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کو 80 فیصدواجبات اداکردیے ہیں۔ میڈیاکے 20 فیصدواجبات 24 گھنٹے میں اداکردیں گے۔ میڈیا کے واجبات کے ادائیگی کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: حکومت نے 2 سال میں معیشت کو تباہ کردیا، احسن اقبال

شبلی فراز نے کہا کہ مارگلہ روڈ پر تجاوزات سے متعلق کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ڈیڑھ سال میں450 ارب کی زمین واگزارکرائی گئی۔ کابینہ کو آئی جی پولیس اسلام آبادنے1537ایکڑزمین واگزارکرانےپر بریفنگ دی۔ سی ڈی اے نے 450 ارب روپے مالیت کی اراضی واگزار کرائی۔

شبلی فراز نے کہا کہ 14 اگست بھر پور طریقے سے منائیں گے۔ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ یوم آزادی بھرپورطریقےسےمنایاجائےگا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا جس پر ہم نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ پائلٹس کےمشکوک لائسنس کے بارے کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔ آنےوالی نسلوں کوبہترپاکستان دینےکاعزم کیاہے۔ ملک میں قانون کی بالادستی قائم کرنی ہے۔ پاکستان کوخوشحال اورپرامن ملک بناناہے۔ماضی میں اپنی مرضی کے افسران لگائے گئے جنہوں نے اداروں کو تباہ کردیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جن کا ذاتی کاروبار نہیں۔ ہم نےاصلاحات لاکراداروں کوبہتر بناناہے۔ موجودہ حکومت نے سخت فیصلے کیے۔

وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ ہم 4سال سے پوچھ رہے ہیں کہ مریم نواز نے زمین کہاں سے لی؟ مریم نواز نیب میں جواب دینے کے بجائے پوری بارات ساتھ لے کر آگئیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو چوتھی بار نیب میں بلایا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ہمیشہ خاموشی سے نیب میں پیش ہوتے ہیں۔ آج مریم تو کل شہبازشریف گروہ بیٹھ کر پریس کانفرنس کررہا ہوگا۔

سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ان سے پوچھناچاہیے کہ آپ تو جواب دینے آئے تھے اس کا کیا بنا۔ مسلم لیگ ن نے آج کیس سے توجہ ہٹانے کیلئے آج ڈرامہ کیا۔ کیس سے توجہ نہیں ہٹے گی ان کو جواب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ یہ سب اکٹھے ہوں گے۔ یہ اپنی دولت اور خود کو قانون کے شکنجے سے بچانے کیلئے ہتھکنڈے کرتے ہیں۔
ملزم ہمیں بتا رہا ہے کہ کرپشن کی تشریح کیا ہے؟ یہ وہ لوگ ہیں جو ملک کوتباہ کرکے عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیتے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 5اگست کا دن منایا گیا۔ کشمیریوں کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل ہو۔ کشمیر سے متعلق ہماری خارجہ پالیسی واضح ہے۔


متعلقہ خبریں