خاتون کی اراضی پر عبدالعلیم خان کی سوسائٹی کا مبینہ قبضہ، پولیس سے رپورٹ طلب

شہری کو سوچنے کا موقع ہی کیوں ملے کہ عدالت کچھ چھپا رہی ہے، عدالت

اسلام آباد:  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں خاتون کی 32 کنال اراضی پر مبینہ قبضے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو نوٹس جاری کر کے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی۔

اسلام آباد کی رہائشی خاتون ارم احتشام نے 32 کنال اراضی پر مبینہ قبضے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا۔

مزید پڑھیں: زمینوں پر قبضہ کیس: کھوکھر برادران ضمانت پر رہا

وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکلہ پولیس کے پاس دھکے کھا کر تھک چکی ہیں لیکن ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔

ڈی ایس پی عمران اور ایس ایچ او تھانہ چک شہزاد عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ خاتون کی درخواست پر کارروائی کے لیے فائل نہیں مل رہی ہے۔

اس پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق نے پولیس حکام سے پوچھا کہ فائل کیسے گم ہوسکتی ہے؟ کیا ہم آئی جی کو عدالت طلب کرلیں۔ کیا یہ ضروری ہے کہ کوئی بندہ پولیس کو پیسے دے اور پھر وہ ایف آئی آر درج ہو گی؟۔

عدالت نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 19 اگست تک ملتوی کردی۔

 


متعلقہ خبریں