خیبر پختونخوا حکومت کا 13 اگست کو بی آر ٹی منصوبے کے افتتاح کا اعلان


پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے 13 اگست کو پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کے افتتاح کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پشاور بی آرٹی منصوبےکا افتتاح کریں گے۔

خیال رہے کہ پشاور کا بی آر ٹی منصوبہ اکتوبر 2017 میں شروع کیا گیا تھا۔ اربوں روپے کا بی آر ٹی منصوبہ متواتر تاخیر کا شکار رہا اور صوبائی حکومت منصوبے کے افتتاح سے متعلق متعدد بار ڈیڈ لائنز دیتی رہیں۔

مزید پڑھیں: پشاور، تعمیراتی کمپنی کا بی آر ٹی منصوبہ مکمل کرنے کا دعویٰ

منصوبے پر کام کے آغاز پر سابق وزیراعلی پرویز خٹک نے چھ ماہ میں منصوبہ مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم پھر یہ ڈیڈ لائن چھ ماہ سے ایک سال اور پھر مزید 6 بار تبدیل ہونے کے بعد اس ماہ مکمل ہوگئی۔

منصوبے پر ابتدائی طور پر لاگت 49 ارب روپے لگائی گئی تھی۔ جس کے چند ماہ بعد لاگت میں چار ارب کا اضافہ ہوا تاہم سال 2018 کے انتخابات کے بعد نئی حکومت نے لاگت 66 ارب تک پہنچنے کی منظوری دی۔ جس کے بعد گزشتہ سال مزید 4 ارب روپے طلب کرلیے گئے تھے۔

32 اسٹیشن پر محیط راستے کی تعمیر کے دوران ڈیزائن میں اب تک 50 سے زائد چھوٹی بڑی تبدیلیاں کی گئیں۔

بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا تاہم حکومتی درخواست پر سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کو بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات روکنے کا حکم جاری کیا۔

پشاور ہائی کورٹ نے بی آر ٹی منصوبے کے بارے میں دائر پیٹیشن پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا جس میں ایف آئی اے سے کہا گیا کہ وہ 45 روز میں اس منصوبے کی انکوائری مکمل کرے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔

 


متعلقہ خبریں