اسلام آباد اور کراچی سمیت مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف حصوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز اور ہلکی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور حبس میں کمی آئی۔ کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بھی مختلف حصوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور باندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں مزید بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان کے بعض اضلاع میں بھی تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش پنجاب کے ضلع چکوال میں 47 ملی میٹر، اسلام آباد میں 23 ملی میٹر، راولپنڈی اور بہاولنگر میں 15 ملی میٹر، ملتان میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

خیبر پختونخوا کے علاقے دیر میں 34 ملی میٹر، سیدو شریف میں 12 ملی میٹر، پارا چنار میں 09 ملی میٹر، مالم جبہ اور بونیر میں 04 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کشمیر کے علاقے مظفر آباد میں 40 ملی میٹر جبکہ بلوچستان کے ضلع بارکھان میں 25 ملی میٹر، خضدار میں 06 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔


متعلقہ خبریں