کورونا وائرس: اگست کے پہلے 10روز میں سب سے کم کیسز رپورٹ ہوئے

کراچی: کاروبار رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت مل گئی

فائل فوٹو


اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کے اثرات کمزور سے کمزور ہو رہے ہیں اور اگست کے پہلے دس روز میں صرف 6 ہزار کیس سامنے آئے جو کہ ماضی کی نسبت سب سے کم ہیں۔

جولائی میں 33 ہزار اور جون کے پہلے 10 روز میں 48 ہزار کیس سامنے آئے تھے۔ اگست کے پہلے 10 دن میں 134 کورونا مریض دم توڑ گئے ہیں۔

جولائی کے پہلے دس دنوں میں یہ تعداد 728 رہی جب کہ جون کے پہلے دس روز میں کورونا سے 813 اموات ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کے ایکٹیو کیسز16ہزار 599 رہ گئے

اگست میں مثبت کیسز کی شرح چار فیصد رہی، جولائی میں یہ شرح چودہ اور جون میں 20 فیصد تھی۔ اگست میں ایک لاکھ ستر ہزار ٹیسٹ کئے گئے۔ جولائی میں دو لاکھ بتیس ہزار اور جون میں دو لاکھ انیس ہزار ٹیسٹ کئے گئے تھے۔

اس وقت پاکستان میں کورونا وائرس کے 16 ہزار 599 ایکٹیو کیسز ہیں باعث اموات کی مجموعی تعداد 6ہزار129ہوگئی ہے۔ اب تک21 لاکھ 86 ہزار 442 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ اسپتالوں میں کوروناوینٹی لیٹرزکی تعداد 1859 ہے۔ ملک بھر میں 735 اسپتالوں میں کورونا مریضوں کےلیے سہولیات ہیں۔

مجموعی طور پر دو لاکھ85 ہزار921 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی جب کہ 2 لاکھ 63 ہزار 193 صحتیاب ہوئے۔ ملک میں کورونا ٹیسٹنگ صلاحیت یومیہ 60 ہزار سے زائد ہوگئی ہےاور 132 ٹیسٹنگ لیبارٹریز کام کر رہی ہیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کیسز میں اضافے کی رفتار کافی سست ہوچکی ہے لیکن پھر بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کی جانب سے محرم الحرام میں کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ  محرم الحرام کے دوران کورونا وائرس کے خلاف موثر اقدامات کے ذریعے عوام کا تحفظ اور فلاح وبہبود کو یقینی بنایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں