بلوچستان، سندھ میں سیلاب سے تباہی، متاثرہ افراد حکومتی امداد کے منتظر


کوئٹہ: طوفانی بارشوں کے بعد بلوچستان اور سندھ کے کئی علاقوں میں سیلاب نے تباہی پھیلادی، جس کے سبب سیکڑوں افراد بے گھر ہو گئے، مال مویشی پانی  میں بہہ گئے جبکہ انفرااسٹرکچر بھی شدید متاثر ہوا ہے۔

بولان میں سیلابی ریلے کے تین روز بعد بھی متاثرہ افراد بے یار و مددگار حکومتی امداد کے منتظر ہیں۔ خضدار میں سیلاب سے سی پیک روٹ متاثر ہوا، سڑکیں زیر آب آنے سے ٹک، کرخ، کنجڑ اور مولہ کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

باغبانہ ڈیم بھرنے سے سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیر آب آ گئیں، درجنوں مکانات گر گئے۔ مولہ میں لیویز کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

قلات میں سیلابی ریلہ آنے سے ہربوئی ٹو گزگ اور جوہان ٹو گزگ سڑک کئی مقامات سے بہہ گئی، جس سے متعدد دیہات کا رابطہ منقطع ہو گیا۔

مزید پڑھیں: مون سون: اندرون سندھ اور بلوچستان میں سیلابی صورتحال

سندھ میں بارشوں سے جوہی کے قریب نئی گاج چھ فٹ تک پانی کھڑا ہو گیا، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، سیکڑوں متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

دادو میں سیلابی پانی اترنے کے بعد ککڑ سے پٹ گل اور گاج ڈیم جانے والی سڑک بحال کر دی گئی، کاچھو کے مغربی اور مشرقی علاقوں کے دیہات کا آج 5ویں روز بھی جوہی سے زمینی رابطہ بحال نہیں ہو سکا۔

خیال رہے کہ مون سون کی حالیہ بارشوں کے سبب پاکستان کے دو صوبوں سندھ اور بلوچستان میں سیلابی صورتحال ہے اور لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بلوچستان میں طوفانی بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی طغیانی آگئی ہے جب کہ ڈیرہ بگٹی اور ہرنائی میں حفاظتی بند بھی ٹوٹ گئے ہیں۔

سیلابی ریلے رہائشی علاقوں میں داخل ہوگئے ہیں جس کے باعث خضدار، کوہلو، بولان میں بھی سیلابی صورتحال ہے۔

مچھ کے قریب  ایک  ہی خاندان کے چھے افراد  سیلابی ریلے  میں بہہ گئے جب کہ پانی میں ڈوبنے اور چھتیں گرنے سے دو افراد جاں بحق اور چھ سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

جھل مگسی میں جانور بھی پانی میں بہہ گئے ہیں جب کہ سندھ پنجاب کی کوئٹہ کیلئے شاہراہ ہرقسم کی ٹریفک کے لیے بند  کر دی گئی ہے۔

کوئٹہ سے اندرون سندھ اور پنجاب جانے والی قومی شاہراہ دو مختلف مقامات سے ٹوٹ گئی ہے جس سے دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ مسافروں میں بڑی تعداد میں خواتین اور چھوٹے بچے بھی شامل

بولان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث گوکرد کے مقام پر پل گرگیا ہے۔ پنجرہ پل کے قریب سیلابی پانی سے  سڑک بہہ گئی ہے۔ فورٹ منرو میں بھی بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی  کے بعد سڑک بلاک ہو گئی ہے۔


متعلقہ خبریں