عدالتی احکامات کی روشنی میں امدادی کارروائیاں کریں گے، چیئرمین این ڈی ایم اے


اسلام آباد: چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ عدالتی احکامات کی روشنی میں امدادی کارروائیاں کریں گے۔

چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 4 ماہ سے پاک چین دوستی مزید مستحکم ہوئی ہے اور پاکستان میں چینی سفیر کے ساتھ ہر اجلاس میں تعاون بڑھتا گیا ہے۔ پاکستان اور چین کی دوستی شہد سے میٹھی اور سمندر سے گہری ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے کورونا کی صورتحال میں تعاون ناقابل فراموش ہے جبکہ چین کی جانب سے 50 اسپرنگ یونٹس بھی مہیا کیے گئے ہیں۔ پاکستان نے جب بھی امداد کے لیے درخواست کی چین نے تیزی سے اس پر کام کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے بھی چین نے امداد فراہم کی جبکہ ہمیں ترکی، جاپان اور دیگر ممالک نے بھی امداد فراہم کی۔

انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک میں کورونا کی بیماری دوبارہ پھیل رہی ہے تاہم پاکستان میں ٹڈی دل اور کورونا میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: این ڈی ایم اے کراچی کے نالوں کے اطراف سے تجاوزات فوری ختم کرائے، چیف جسٹس

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور حکومت عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور عدالتی احکامات کی روشنی میں امدادی کارروائیاں کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں تجاوزات کیس میں چیف جسٹس نے این ڈی ایم اے کو کراچی کے نالوں سے تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیا۔

کمشنر کراچی عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے نہ صرف کراچی کے تین نالوں کو صاف کیا بلکہ کچھ بند نالوں کو بھی صاف کیا۔ کراچی میں 38 بڑے نالے ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا تھا کہ این ڈی ایم اے سے سارے نالے کیوں صاف نہیں کرائے جاتے؟ صوبائی حکومت شہریوں کے بنیادی حقوق فراہم کرنے میں ناکام ہوئی ہے اور حکومت کی ناکامی کے نتائج بہت خطرناک ہوں گے۔


متعلقہ خبریں