کراچی: حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

مسجد کے چندہ بکس سے بڑی رقم چوری کرنے والا گرفتار

فوٹو: فائل


کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی کے علاقے گارڈن ویسٹ سے حوالہ ہنڈی کےغیرقانونی کاروبار میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کرلیے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گارڈن ویسٹ سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ایف آئی اے کی انسداد دہشت گردی ونگ نے کراچی میں حوالہ ہنڈی کے کاروبار میں ملوث ملزم جنید کو گرفتار کر لیا تھا۔

ایف آئی اے نے کہا تھا کہ ملزم جنید کو بہادرآباد میں دھوراجی سے گرفتار کیا گیا اور یہ حوالہ ہنڈی کے عالمی نیٹ ورک کا کارندہ اور منی ایکسچینج کمپنی کا مینجر تھا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سلیپر سیلز کو کراچی میں رقوم فراہم کی جا رہی تھیں۔ رقم دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور ہتھیاروں کی خریداری میں استعمال ہوتی تھی۔

ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزم جنید کے دیگر ساتھی دبئی میں حوالہ ہنڈی کا کام کرتے ہیں۔ بھارت سے محمود صدیقی گروپ بذریعہ ای میل ر ا ملزمان کو ٹاسک دیتا تھا۔ ملزم جنید سے لیپ ٹاپ یو ایس بی اور دیگر سامان برآمد ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:ایف آئی اے کی کارروائی، حوالہ ہنڈی کےخفیہ نیٹ ورک سے وابستہ ملزم گرفتار

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہی ایف آئی اے نے حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک سے وابستہ مبینہ ملزم یاسین کو گرفتار کیا تھا۔ مذکورہ کارروائی بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر کی گئی تھی۔

اس سے قبل  ایف آئی اے نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سلیپر سیل کے اہم رکن کو گرفتار کیا تھا۔

ملزم ظفر فائربریگیڈ میں سرکاری ملازمت بھی کرتا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم ظفر کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے جب کہ بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہا ہے۔  را سلیپر سیل کو فنڈز فراہم کرنے والے منی ایکسچینج کمپنی کے دو ملازمین کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں