کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، ایئر چیف


پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ  کہ پاک فضائیہ دشمن کی جانب سے اسلحے کے ذخائر اکٹھا کرنے سے کبھی مرعوب نہیں ہو گی، کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے جے ایف 17 بی ڈوئل سیٹ طیارے میں آپریشن ٹریننگ مشن میں حصہ لیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے آپریشنل ایئربیس کا دورہ کیا۔ ایف سولہ طیارہ اڑانے کا وسیع تجربہ رکھنے والے ایئر چیف نے ملک میں تیار کیے گئے ڈوئل سیٹ لڑاکا طیارے کی آپریشنل صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔

ترجمان کے مطابق ایئرچیف نے کہا کہ جے ایف 17 بی ڈوئل سیٹ اوربلاک تھری کی شمولیت پاک فضائیہ کی جدیدیت کو برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوگی۔ پاک فضائیہ کا ہر فرد ہمارے بہادر سپوتوں کی وراثت کا امین ہے جس کا اظہار گزشتہ سال آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کے دوران کیا گیا۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ  میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات پر سوال اٹھانے کی ضرورت نہیں ہے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ سعودی عرب پہلے سے طے شدہ تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل سعودی عرب کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے بہترین تعلقات ہیں اور رہیں گے اس میں کسی کو کوئی شک نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت منصوبے کے تحت مقبوضہ کشمیر سے مسلمانوں کو بے دخل کرنا چاہتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ 14 اگست کی مناسبت سے قوم کو آزادی کے 73 سال مبارک ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے، اس کی قدر ان ماؤں سے پوچھیں جو اپنے شہیدوں کو پاکستان کےجھنڈوں میں دفن کرتی ہیں۔

 


متعلقہ خبریں