’یوم آزادی مناتے ہوئے کشمیری بہن بھائیوں کو نہ بھولیں‘


اسلام آباد: صدرپاکستان ڈاکٹرعارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج کے دن آزادی کی خوشیاں مناتے ہوئے مقبوضہ کشمیرکے بہن بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے۔

صدرمملکت نے قوم کے نام پیغام میں قوم کو یوم ازادی کی مبارک باد پیش کی اور کہا کہ بھارت تین دہائیوں سے کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے اور تمام اقلیتوں کونشانہ بنا کر ہندوتوا کانظریہ مسلط کرناچاہتا ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کےحق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں:مملکت خداد پاکستان کا 74واں یوم آزادی

انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں قائداعظم کی ولولہ انگیزقیادت میں اپنے آباؤاجداد کی بےشمارقربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ ماضی کےبرعکس اس بار یہ یوم آزادی غیرمعمولی مشکل حالات میں منایا جارہا ہے۔اس وقت ساری دنیا کورونا وبا سےشدید متاثرہوئی ہے۔ کورونا کےمنفی اثرات زندگی کے تمام شعبوں پرمرتب ہوئے ہیں۔ قوم نےاسمارٹ لاک ڈاوَن کی حکمت عملی سےاس پرقابوپالیا لیکن ہمیں حفاظتی تدابیرپرلازماًعمل جاری رکھنا ہوگا۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی اکتوبر2005کےزلزلے اور2010میں سیلاب کاسامنا کرچکے ہیں۔ تاریخی دن پرڈاکٹروں، نرسوں اورشعبہ طب سے وابستہ دیگر افراد کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ صوبائی حکومتوں اورقانون نافذ کرنے والےاداروں کی کاوشوں کو بھی سراہتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ آج  قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہونے کے لیے عہد کرنے کا دن ہے۔

انہوں نے وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم آزادی کے روز بھارتی مقبوضہ کشمیرمیں کشمیری بھائیوں کے دکھ میں غمزدہ ہیں، ہم حق خود ارادیت کی جدوجہد میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور  ہرفورم پر  ان کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں گزشتہ ایک سال سےفوجی محاصرےجاری ہے۔ قوم کےبیٹوں نےاس دھرتی اوراس کےنظریہ کےدفاع کےلیےقربانیاں دیں۔


متعلقہ خبریں