سعودی فرمانروا اور ولی عہد کا یوم آزادی پاکستان پرنیک تمناؤں کا اظہار


ریاض: سعودی فرمانروا اورسعودی ولی عہد نے یوم آزادی پاکستان پرنیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ شاہ سلمان اور محمد بن سلمان نےصدرمملکت عارف علوی کومبارکباد کےپیغامات ارسال کیے ہیں۔

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کو 74 ویں یوم آزادی پر مبارکباد دی ہے اور صدر پاکستان عارف علوی کو مبارکباد اور نیک خواہشات کے پیغامات ارسال کئے۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے اپنے پیغامات میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ پاکستانی عوام کے لیے نیک اوردلی تمناؤں کااظہار کیا ہے۔

پاکستان کے یوم آزادی پر حکومت قطر اور عوام کی جانب سے مبارکباد دی گئی ہے، اس حوالے سے قطر کے سفیر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے تعاون میں وقت کے ساتھ وسعت پیدا ہوئی ہے، جس میں دونوں ممالک میں سیاسی، ثقافتی، معاشی، تجارتی اور دفاعی شعبہ جات سرفہرست ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مملکت خداد پاکستان کا 74واں یوم آزادی

قطری سفیر نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات اور مختلف آزمائشوں کے باوجود بہت کچھ حاصل کیا۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں 73 برس قبل 14 اگست کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے لاکھوں قربانیاں دے کر ایک آزاد اسلامی جمہوریہ پاکستان ریاست حاصل کی تھی۔ اس ریاست کا خواب مصور پاکستان علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا جس کو تعبیر کی شکل بانی پاکستان نے دی تھی۔

مملکت خداد پاکستان کا 74 واں یوم آزادی آج اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جارہا ہے کہ پاک سر زمین کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھا جائے گا۔

جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز صبح سویرے اسلام  آباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں  توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اسلام آباد میں اکتیس اور لاہور کے محفوظ شہید گیریژن میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

آج دن کا آغاز ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر علمائے کرام، مشائخ عظام اور مفتیان کرام نے مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں بھی خصوصی دعائیں کیں۔


متعلقہ خبریں