بیرون ملک پاکستانی ہائی کمشنز میں یوم آزادی کی تقریبات


آسٹریلیا/نئی دہلی/اسلام آباد: بیرون ملک قائم پاکستانی ہائی کمشنز میں بھی یوم آزادی کے حوالے سے تقریبات انعقاد کیا گیا جن میں اہم شخصیات نے شرکت کی۔

آسٹریلیا کے دارلحکومت کینبرا میں موجود پاکستان ہائی کمیشن میں چودہ اگست قومی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔

ہائی کمشنر بابر امین نے پرچم کشائی کی۔ یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب کے موقع پر صدرمملکت اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔

بابر امین کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں خود مختار حقوق، اپنے مذہبی، ثقافتی اور معاشرتی اقدار کے ساتھ ساتھ معاشی خوشحالی کے تحفظ کے لئے دی گئیں بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

ہائی کمشنر نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف بھی آواز بلند کی۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر قانونی کارروائیوں کو روکنے اور فوجی محاصرے کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھیں:مملکت خداداد پاکستان کا 74واں یوم آزادی

نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن بھی میں یوم آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں قائم مقام ہائی کمیشن سید حیدر شاہ نے پرچم کشائی کی۔

تقریب میں صدر اوروزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ نئی دہلی میں تقریب میں ہائی کمیشن کے عملے اور اہلخانہ کی شرکت۔ اس موقع پر سید حیدرشاہ کا کہنا تھا کہ آج کا دن عظیم قربانیوں اور بے مثال جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔

یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر پاکستان نے کہا کہ آج کے دن اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو نہ بھولیں۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت تین دہائیوں سے کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے اور تمام اقلیتوں کونشانہ بنا کر ہندوتوا کانظریہ مسلط کرناچاہتا ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کےحق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ یوم آزادی قائد کے نظریے پر عمل پیرا ہونے کے لیے عہد کرنے کا دن ہے۔ آج کے روز بھارتی مقبوضہ کشمیرمیں کشمیری بھائیوں کے دکھ میں غمزدہ ہیں، ہم حق خود ارادیت کی جدوجہد میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور  ہرفورم پر  ان کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔


متعلقہ خبریں