قائد کے پاکستان کی طرف ہمارا سفر شروع ہوچکا، وزیراعظم


اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان نے 73 ویں یوم آزادی پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائد کے پاکستان کی طرف ہمارا سفر شروع ہوچکا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کو 73 ویں یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے  پاکستان قائداعظم اور علامہ اقبال کا خواب تھا۔ پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانا تھا۔ ہم اس خواب کی تعبیر کے سفر پر ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قائد کا پاکستان جس میں تمام شہریوں کیلئے یکساں قانون کی حکمرانی ہو۔ ہم اسلامی فلاحی ریاست کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ کورونا کا کامیابی سے مقابلہ کرنے پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ پسماندہ طبقات کو نقد امداد کے ذریعے کورونا کے معاشی اثرات سے بچایا۔ اسمارٹ لاک ڈاوَن کے ذریعے کورونا کو روکنے میں کامیاب رہے۔

وزیراعظم  نے کہا کہ پوری قوم نے کورونا وائرس کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔ شاید ہی پاکستانیوں کی طرح کسی اور قوم نے کورونا سے بیلنس کیا۔ ایک طرف ہمیں کورونا اور دوسری طرف بھوک سے اموات کا خوف تھا۔ آج ہماری معیشت بہتر اور کورونا کیسز کم ہورہے ہیں۔ ابھی ہم کورونا کے خلاف جنگ نہیں جیتے۔ کورونا سے بچاوَ کیلئے اب بھی احتیاط ضروری ہے۔ ہجوم میں ماسک کا استعمال اور فاصلہ ضروری ہے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی یوم آزادی پاکستان منایا جا رہا ہے

وزیراعظم عمران خان نے کہا قوم نے حکومت کے پہلے 2 سال مشکل میں گزارے۔ اب ہماری معیشت بہتر ہورہی ہے۔ لوگوں کا اعتماد بڑھنے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج بہتر ہورہی ہے۔ ہم نے تعمیراتی شعبے کو کاروبار میں آسانیاں دیں۔ کاروبار میں آسانی سے معیشت بہتر اور غربت میں کمی ہوتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہہماری حکومت پر قرضوں اور پاورسیکٹرکا بوجھ تھا۔ پہلے سال 4 ہزار ارب روپے کا آدھا قرضوں کی قسطیں ادا کرنے میں لگے۔ بجلی مہنگی ہونے کے باعث صنعتی شعبے کو مشکلات تھیں۔ صنعتیں چلنے سے ٹیکس وصولی بڑھی اور روزگار میں اضافہ ہوا۔ ہماری برآمدات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جلد حالات مزید بہتر ہوجائیں گے۔ ماضی کی حکومتوں نے مہنگی بجلی کے معاہدے کررکھے تھے۔ مہنگی بجلی کے باعث گردشی قرضوں میں اضافہ ہورہا تھا۔ آئی پی پیز سے کم لاگت کی بجلی کامعاہدہ ہوگیا ہے۔ بجلی کی پیداواری قیمت کم ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں وراثت میں ملنے والے ڈھانچے کو درست کررہے ہیں۔ طویل مذاکرات کے بعد آئی پی پی کے ساتھ نئے معاہدے کیے۔ معاہدوں سے بجلی کی پیداواری لاگت اورسرکلرقرضوں میں کمی آئے گی۔ اگلا اصلاحات کا ہدف بجلی کی تقسیم کا نظام ہے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ ہمیں مقبوضہ کشمیر کے عوام پر مظالم کا احساس ہے۔ ہم کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا پوری قوم کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں متحد ہوکر ساتھ کھڑی ہے۔ ہم کشمیریوں کو ہرسطح پرہرقسم کی مدد فراہم کریں گے۔ کشمیری بھارت کے غیرقانونی قبضے کےخلاف بہادری سے لڑرہے ہیں۔


متعلقہ خبریں