روسی ڈاکٹروں کا نئی کورونا ویکسین پر تحفظات کا اظہار


ماسکو: روسی ڈاکٹروں کی ایک کثیر تعداد نے ملک میں حال ہی میں تیار کی جانے والی نئی کورونا ویکسین کے استعمال سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق طب کے شعبے سے تعلق رکھنے والے تین ہزار ڈاکٹروں اور ماہرین نے حکومت کی جانب سے منظور کی گئی کوڈ-19 کی نئی ویکسین اپنے اوپر آزمانے سے متعلق اپنی ہچکچاہٹ کا اظہار کیا ہے۔

سروے کے مطابق 52 فیصد ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نئی کورونا ویکسین کی تیاری اور منظوری سے متعلق ملک میں مناسب اعدادوشمار (ڈیٹا) موجود نہیں ہے اور یہ ویکسین جلد بازی میں منظور کی گئی ہے۔ سروے کے مطابق صرف 24.5 ڈاکٹروں اور ماہرین نے نئی کورونا ویکسین اپنے اوپر آزمانے کے لیے رضامندی ظاہر کردی ہے۔

روسی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وبا کے خلاف پہلی ویکسین اس ماہ کے آخر تک لوگوں کے لیے دستیاب ہوگی۔ لوگوں کے ساتھ ساتھ روسی ڈاکٹروں نے بھی رضاکارانہ طور پر کورونا ویکسین اپنے اوپر آزمانے کی حامی بھر لی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں تیار کی گئی ویکسین کی آخری آزمائش ابھی باقی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ روس جلد بازی میں قومی وقار کو صحت عامہ پر ترجیح دے رہا ہے، جوکہ لوگوں کی زندگیوں کو داو پر لگانے کے مترادف ہے۔

سروے کے مطابق جواب دہندگان میں سے صرف ہر پانچویں ڈاکٹر نے کہا کہ وہ مریضوں، ساتھیوں اور دوستوں کو نئی ویکسین لگوانے کی سفارش کریں گے۔

خیال رہے کہ 11 اگست کو روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے اعلان کیا تھا کہ روس نے پہلی کورونا وائرس ویکسین تیار کر لی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ ویکسین کورونا کے خلاف کافی موثر ثابت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ میری بیٹی نے بھی کورونا کے خلاف بننے والی ویکسین کا استعمال کیا ہے اور یہ کوویڈ 19 نامی بیماری کے خلاف دیرپا قوت مدافعت پیدا کرتی ہے۔

مزید پڑھیں: آکسفورڈ یونیورسٹی کی تیار کردہ کورونا ویکسین کے حوصلہ افزا نتائج برآمد

گامالیہ نامی ویکسین پہلے ڈاکٹروں اور اساتذہ کو دی جائے گی جس کے بعد اکتوبر میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم چلائی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او) نے کہا تھا کہ روس کی کورونا ویکسین سےمتعلق زیادہ معلومات نہیں ملی ہیں، تاہم اس حوالے روسی ریگولیٹری اتھارٹی کےساتھ رابطہ میں ہیں۔

ڈبلیوایچ او کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرریجنل برانچ کا کہنا تھا کہ ہمیں روس سےخبرملی کہ انہوں نے کورونا ویکسین تیار کرلی ہے اور ہم ویکسین سے متعلق معلومات حاصل کرنےکے منتظر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ویکسین کی تیاری کے لیے 3 کلینکل ٹرائل مکمل کرنا لازمی ہیں اور ان مراحل کوعبور کیے بغیر کوئی بھی ویکسین اور دوا تیار نہیں کی جاسکتی ہے۔


متعلقہ خبریں