وزیراعظم کا کراچی پر کنٹرول کا کوئی منصوبہ نہیں، شیخ رشید



اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا کراچی پر کنٹرول کا کوئی منصوبہ نہیں، وہ ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے پاکستانی سیاست پراگندہ ہو۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ بریکنگ پوائنٹ ودھ مالک‘ میں گفتگو میں چوہدری برادران کی وزرات اعلیٰ کے لیے ن لیگی رہنماوں سے ملاقات پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان عثمان بزدار کے علاوہ کسی کو وزیر اعلیٰ کے طور پر نہیں دیکھ رہے۔ وہ آج بھی عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ اس بات پر اگر چوہدری برادران ناراض بھی ہوتے ہیں تو انہیں اس سے فرق نہیں پڑتا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف سعودی عرب جا رہے ہیں، سعودی عرب اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات قائم رہیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز نے سیاست کر کے خود اپنے آپ کو پھنسا لیا ہے، ساری دنیا کو پتہ ہے کہ مریم نواز اپنے ساتھ پتھر لے کر آئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سارے سیاسی خاندان کی تباہی کی مریم نواز ذمہ دار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ نیب پر پتھر برسائیں گے ، نیب ان پر رحم نہیں کریگا، نیب پر پتھراوَ سے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو بہت نقصان پہنچا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک ایسا بیان دینے والے ہیں کہ ساری اپوزیشن کو سانپ سونگھ جائے گا۔

وزیر ریلوے نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہآئی پی پیز میں عمران خان کو بہت بڑی شارٹ کھیلتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، جلد پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف چلی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صرف مولانا فضل الرحمان کر رہے ہیں، مولانا کہہ رہے ہیں کہ نہ کھیلوں گا نہ کھیلنے دوں گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان این آر او نہیں دیں گے اور نہ ہی مریم نواز کو باہر نہیں جانے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج اور عمران خان کی حکومت ایک ساتھ چل رہے ہیں، آرمی چیف نے کورونا، سیلاب اور ٹڈی دل میں اہم کرادار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت میں مسلمان زندہ ہیں ان کا ایمان زندہ ہے، کشمیر کے اندر تحریک کا جو عالم ہے اس پر وقت کا انتظار کریں۔


متعلقہ خبریں