اسپین میں آتشزدگی کا واقعہ، 3 پاکستانی نوجوان جاں بحق

اسپین میں آتشزدگی کا واقعہ، 3 پاکستانی نوجوان جاں بحق

میڈرڈ: جشن آزادی کے موقع پر اسپین کے ایک مکان میں آگ لگنے سے تین پاکستانی نوجوان جاں بحق ہو گئے۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق اسپین کے شہر بارسلونا میں بیٹری چارج کرنے کے دوران شارٹ سرکٹ کے باعث دھماکے سے پھٹ گئی اور آگ لگ گئی جس نے مکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ گھر میں موجود افراد آگ کے باعث شدید متاثر ہوئے۔

آگ لگنے کے باعث جاں بحق ہونے والوں میں 22 سالہ سرفراز، 24 سالہ مظہر اور 33 سالہ ابو سفیان شامل ہیں جن کا تعلق پاکستان کے شہر گجرانوالہ سے تھا۔

حادثے کے دوران شدید زخمی ہونے والے قمر سلیم کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ فیصل سلیم، قدیر اور عمران بیگ معمولی زخمی ہوئے۔

واقعے کے فوری بعد پولیس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچیں جبکہ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دیں۔

جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد بارسلونا میں سیاحوں کو سائیکلوں پر شہر کی سیر کروا کر اپنی روزی کماتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فورسز کی فائرنگ: ذہنی معذور پاکستانی ہندو بچہ ہلاک

اسپین میں موجود پاکستان کے سفیر خیام اکبر اور قونصل جنرل عمران علی چوہدری نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس افسوس ناک واقعے میں وفات پانے والے افراد کی اللہ تعالی مغفرت فرمائے۔ ہم ان تمام ساتھیوں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔


متعلقہ خبریں