آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ


اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

ٹیلی فونک رابطے میں پاکستان کی کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی اور انسداد  پولیو مہم پر تبادلہ خیال  کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے بل گیٹس کا رابطہ، کورونا اور پولیو مہم پر تبادلہ خیال

مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس  نے پاکستان بھر میں انسداد پولیو مہم کے لیے پاک فوج کے کامیاب  اقدامات کی تعریف کی۔

بل گیٹس نے کہا کہ پاک فوج کے انسداد پولیو مہم کے لیے اٹھائے گئے کامیاب اقدامات قابل تعریف ہیں۔ وسائل کی کمی کے باوجود کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بچوں کی صحت کی بہتری کے لیے  تعاون جاری رکھیں گے۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پولیو فری پاکستان ایک قومی مقصد ہے اور پولیو سے پاک پاکستان کے لیے کاوشیں قومی فریضہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس: ملکی سلامتی، اسٹریٹیجک امور پر تبادلہ خیال

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پولیو کےخاتمے کے لیے ورکرز، موبائل ٹیمز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اہم کردار ہے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے ذریعے پاک فوج کے تعاون سے کورونا وائرس پر قابو پایا گیا۔


متعلقہ خبریں