جعلی بینک اکاؤنٹس کیسز، آصف زرداری سمیت 13 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ جاری


اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری سمیت جعلی بینک اکاؤنٹس کیسز کے 13 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ جاری کر دی۔

احتساب عدالت اسلام آباد نے پارک لین کمپنی ریفرنس کی 17 صفحات کی چارج شیٹ جاری کی۔ چارج شیٹ کے مطابق آصف علی زرداری نے یونس قدوائی اور اقبال میمن کے ذریعے جعلی کمپنی پارتھنین بنائی اور آصف علی زرداری نے فراڈ کے ذریعے نیشنل بینک سے قرض کا منصوبہ بنایا۔

چارج شیٹ کے متن میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری نے جعلی کمپنی سے رقم اپنی کمپنی کے اکاوَنٹ میں منتقل کی جبکہ ڈیڑھ ارب روپے کی رقم کی کرائم پروسیڈ چھپانے کے لیے جعلی اکاوَنٹس میں گھمائی گئی۔

دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ میں تمام الزامات کو سمجھ چکا ہوں اور انہیں مسترد کر کے اپنا مکمل دفاع کروں گا۔

گزشتہ سال نومبر میں قومی احتساب بیورو(نیب) نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کیخلاف ریفرنس دائر کیا تھا جس میں فریال تالپور کو بھی ملزمہ نامزد کیا گیا۔

نیب راولپنڈی کی جانب سے احتساب عدالت اسلام آباد میں دائر کیے گئے ریفرنس میں اومنی گروپ اور زرداری گروپ کی کمپنیوں کو بھی شامل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی بینک اکاؤنٹس کیس: وعدہ معاف گواہ حسین فیصل کے اہم انکشافات

ملزمان پر سمٹ بینک کے اکاؤنٹس سے 2150 ملین روپے کی رقم غیر قانونی طور پر منتقل کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔

نیب نے آصف علی زرداری اور فریال تالپور پر سمٹ بینک میں خورد برد اور مختلف کمپنیوں کو غیر قانونی طور پر فنڈز جاری کرنے کا الزام لگایا تھا۔


متعلقہ خبریں