مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سفارتکاری میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے، شیریں مزاری


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سفارتکاری میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں کشمیر کی صورتحال پر آرٹ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جبر کو اجاگر کرنے میں انسانی حقوق کی تنظیموں کا اہم کردار ہے۔  کشمیریوں کی جدوجہد انصاف پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ثقافت کشمیریوں پر مظالم کو اجاگر کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے آرٹ اور کلچر کا فورم بھی اپنانا ہوگا۔

فورم سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات شبلی فراز نے کہا کہ کشمیریوں سے ان کی آزادی چھین لی گئی ہے۔ آزادی کا جشن منانے والے ظالم سامراج بن کر جمہوریت اور انسانی حقوق روند رہے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ کشمیری عالمی برادری کو پیغام دیتے ہیں کہ استصواب رائے کا وعدہ پورا کیاجائے۔ کشمیریوں کوخودارادیت کا حق ملنےتک پاکستان حمایت جاری رکھے گا۔

خیال رہے کہ بھارت کے یوم آزادی پر آج دنیا بھر میں مقیم کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: قائد کے پاکستان کی طرف ہمارا سفر شروع ہوچکا، وزیراعظم

کشمری میڈیا سروس (کے ایم سی) کے مطابق بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر آج دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارت کے خلاف مظاہرے اور ریلیاں نکال رہے ہیں۔جبکہ مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کے اعلان کے بعد بھارتی انتظامیہ نےغیر اعلانیہ کرفیو نافذ کر دیا ہے۔

کے ایم سی کے مطابق حریت رہنما سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے آج بھارت کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں یوم جمہوریہ منانے کا حق نہیں رکھتا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی حکام نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے متوقع احتجاج کو روکنے کے لیے حفاظت کے نام پر انتہائی سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے ہیں۔ سری نگر سمیت دیگر تمام شہروں و علاقوں میں فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے رہائشیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر میں یوم سیاہ کے حوالے سے ریلی نکالی جائے گی۔ جس میں انجمن تاجران کے رہنماؤں، وکلا اور سول سوسائٹی کی سرکردہ شخصیات سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد شرکت کریں گے۔


متعلقہ خبریں