کراچی پولیس کا ملزمان کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کا فیصلہ


کراچی: کراچی پولیس نے ملزمان کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کا فیصلہ  کیا ہے۔ اس حوالے سے کراچی پولیس نے ای ٹیگنگ سے متعلق تجاویز تیار کر لی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ای ٹیگنگ کا مقصد ملزمان پر جدید طریقے سے نظر رکھنا ہے۔ الیکٹرانک چپ ملزمان اور خواتین ملزمان کو لگائی جائے گی۔

پولیس حکام کے مطابق منشیات فروش اور 6 ماہ تک سزا یافتہ ملزمان کو بھی چپ لگائی جاسکے گی۔ الیکٹرانک ٹریکنگ سے ملزمان کی نقل وحرکت پر نظررکھی جائےگی۔ ضمانت پر رہا ملزمان کو بھی الیکٹرانک ڈیوائس لگائی جائےگی۔ الیکٹرانک مانیٹرینگ سے ملزمان کی باربار گرفتاری سے بچا جاسکے گا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ الیکٹرانک مانیٹرنگ کا فیصلہ شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم سمیت دیگر وارداتوں کے بعد کیا گیا ہے۔ سندھ حکومت کی منظوری کے بعد ملزمان کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کاعمل شروع ہوگا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی پولیس نے تھا کہ ضمانتوں پر رہا ہونے والے ملزمان کی جانچ پڑتال (ویری فکیشن) کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  شہری کراچی پولیس کی مدد کریں اور اپنے گھروں سے نہ نکلیں، سرفراز احمد

ہم نیوز نے کراچی پولیس ترجمان کے حوالے سے بتایا تھا کہ ایسے تمام ملزمان جو سنگین جرائم میں ملوث رہنے کے بعد ضمانتوں پر رہا ہیں، ان کی جانچ پڑتال کی جارہی ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق تھانوں کی سطح پر ان تمام ملزمان کے کوائف چیک کیے جارہے ہیں جو گزشتہ دو سال کے دوران ضمانتوں پہ رہا ہوئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث اور ضمانتوں پر رہا ہونے والے 156 ملزمان کی جانچ پڑتال کا عمل اس وقت جاری ہے۔

ہم نیوز کے مطابق کراچی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کی جانے والی جانچ پڑتال کے دوران اب تک 80 ملزمان کو کلیئر قرار دیا جا چکا ہے۔

کراچی پولیس کے ترجمان نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ 76 ملزمان کی جانچ پڑتال کا عمل اس وقت جاری ہے۔

ہم نیوز کی جانب سے کیے جانے والے استفسار پر ترجمان کراچی پولیس نے بتایا تھا کہ ضمانتوں پر رہا ہونے والے ملزمان کی موجودہ سرگرمیوں اوران کے دیگرامورزندگی کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔

کراچی پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس عمل کا مقصد شہر قائد میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانا ہے۔

ترجمان کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ مشکوک سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے والے ملزمان کے خلاف دوبارہ قانونی کارروئی کی جائے گی۔

 


متعلقہ خبریں