جڑواں شہروں میں سیاحوں کیلئے ڈبل ڈیکر بس کا آزمائشی سفر


اسلام آباد: جڑواں شہروں میں سیاحت کے فروغ کے لیے ڈبل ڈیکر بس کے آزمائشی سفر کا آغاز ہو گیا۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں سیاحوں کی سہولت کے لیے ڈبل ڈیکر بس کا باقاعدہ افتتاح محرم کے بعد کر دیا جائے گا تاہم فی الحال بس کا آزمائشی سفر کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے معاون خصوصی برائے پارٹی کلچر و سیاحت آصف محمود سمیت ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات اور ڈی سی راولپنڈی انوار الحق بھی موجود تھے۔

بس کا آزمائشی سفر راولپنڈی کے علامہ اقبال پارک سے شروع ہوا جو فیض آباد سے ہوتا ہوا فیصل مسجد، بلیو ایریا، شاہراہ دستور، روز جاسمین گارڈن اور لوک ورثہ سے واپس علامہ اقبال پارک پر اختتام پزیر ہوا۔

دوران سفر جڑواں شہروں کے انتظامی افسران نے بس کے لیے روٹ کا جائزہ لیا اور سفر سے بھی لطف اندوز ہوئے۔

پی ایچ اے اور پی ٹی ڈی سی کے تعاون سے جلد ہی جڑواں شہروں کے باسیوں کے لیے ڈبل ڈیکر بس کا باقاعدہ آغاز محرم کے بعد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: تعمیراتی منصوبے شروع کرنے کیلئے ادارہ تحفظ ماحولیات کی منظوری لازمی قرار

مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب و چیئرمین پی ایچ اے راولپنڈی آصف محمود کا کہنا تھا کہ محرم کے بعد ڈبل ڈیکر بس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا، بس کا فی کس کرایہ 400 روپے ہوگا۔ بس کے لیے ٹرمینل راولپنڈی میں جلد قائم ہوجائے گا جبکہ بس کا سفر 30 کلومیٹر پر محیط ہو گا جس کے ٹکٹ کا اجرا آن لائن کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں