پاکستانی روپیہ پھر لڑکھڑا گیا، امریکی ڈالر بلند ترین سطح پر


اسلام آباد: پاکستانی روپیہ پھر لڑکھڑا گیا اور ڈالر تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے 118 روپے 20 پیسے پر جا پہنچا۔

امریکی ڈالر اس وقت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ جانے سے پاکستان میں مہنگائی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

وزیراعظم کےمشیربرائے خزانہ مفتاح اسماعیل نے تین دن قبل امریکا میں انٹرویو دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستانی روپے کی قدر میں مزید کمی نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا تھا کہ گزشتہ تین سال کے دوران پاکستانی برآمدات میں آنے والی کمی اور تجارتی خسارے کے باعث روپے کی قدر میں کمی آئی۔

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ اس بات پر مطمئن تھے کہ روپے کی قدر میں کمی کے باوجود مہنگائی میں اضافہ نہیں ہوا۔

مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف اورعالمی بینک کے حکام سے ملاقات کے لئے امریکا میں موجود تھے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چارماہ کے دوران روپے کی قدر میں نو اعشاریہ پانچ فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر ملک بوستان نے خبردار کیا تھا کہ اگر ہفتے کاآغازڈالر کی قدرمیں اضافے سے ہوا تو اسٹیٹ بینک سے ڈالرز فراہم کرنے کی درخواست کریں گے۔

کرنسی مارکیٹ میں استحکام لانے اور روپے کی قدر کو مستحکم رکھنے کے لئے ماضی میں بھی اسٹیٹ بینک سے مدد لی جاچکی ہے۔

اس سے قبل بھی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں اچانک اضافہ ہوا تھا اور ڈالر 110 سے 111 روپے پر پہنچ گیا تھا۔

پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کو جواز بنا کر ملکی سطح پر گاڑیاں اور ادویات تیار کرنے والوں سمیت دیگر نے اپنی مصنوعات کی قیمتیں کئی گنا بڑھادی ہیں۔


متعلقہ خبریں