ایکنک نے حیدرآباد سکھر موٹروے کی منظوری دے دی، مراد سعید


اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) نے حیدرآباد سکھر موٹروے کی تعمیر کی منظوری دے دی ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کے تمام منصوبوں میں جی آئی ایس کا اطلاق کریں گے۔ رواں مالی سال چمن کراچی شاہراہ کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ چیلنجز کے باوجود معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ آئی پی پیزکےساتھ معاہدےسےعوام کوریلیف ملے گا۔ ٹھوس پالیسیوں سے مختلف محاذوں پر کامیابیاں مل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پشاور بی آر ٹی،احساس نشوونما پروگرام اور دیگر کامیاب منصوبے ترقی کی طرف قدم ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر،اسٹاک مارکیٹ اور دیگر معاشی اعشاریے بہتر ہوئے ہیں۔ اداروں کی شفافیت کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوزہے۔

وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستانی اقدامات کوعالمی سطح پر سراہاگیا

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی  نے کراچی سے پشاور تک  1872 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک ایم ایل ون منصوبے کی منظوری دے دی تھی۔

چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ کراچی سے پشاور تک کے منصوبے پر 6ارب ڈالر سے زائد کی رقم خرچ ہوگی۔

یاد رہے کہ 6 جون کو سنٹرل ڈویپلمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے ریلوے ٹریک ایم ایل ون پروجیکٹ منظور کرلیا تھا۔

ڈی ڈبلیو پی کی سفارشات قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک) کو بھجوادی گئی تھیں.

مزید پڑھیں:  جب تک ایم ایل ون منصوبہ نہیں بنے گا ریلوے ٹھیک نہیں ہو سکتی، شیخ رشید

خیال رہے کہ 18 اپریل 2019 کو پاکستان اور چین کے درمیان ریلوے کے معاہدے ایم ایل ون پر دستخط ہوئے تھے۔

وزیراعظم عمران خان اور چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ کی موجودگی میں وزیر ریلوے شیخ رشید احمد اور چینی وزیر ریلوے نے ایم ایل ون معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

معاہدے پر دستخط کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ آج پاکستان میں ریلوے کی تاریخ کا بڑا دن ہے۔ ایم ایل ون منصوبے کے تحت پشاور سے کراچی تک ڈبل ٹریک بنایا جائے گا جب کہ نئے ٹریک پر ٹرین کی اسپیڈ کم از کم 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار ہو گی۔

انہوں ںے کہا تھا کہ 13 سال پہلے میں نے ہی اس منصوبے کی فیزیبلیٹی رپورٹ پر دستخط کیے تھے۔


متعلقہ خبریں