حکومت پورا سال گندم اور آٹے کی فراہمی یقینی بنائے گی، مشیر خزانہ

حکومتی اخراجات میں 5 ہزار ارب روپے کی بچت ہوئی، عدالحفیظ شیخ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت پورا سال گندم اور آٹے کی وافر فراہمی کو  یقینی بنائے گی۔

خیبرپختونخوا میں گندم کی صورتحال پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مشیرخزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ آٹے اور گندم کی فراہمی کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

مشیرخزانہ کی زیرصدارت اجلاس میں گندم اور آٹے کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔

چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے کے موجودہ ذخائر میں 6 لاکھ ٹن گندم موجودہے۔ حال ہی میں پاسکو کے ذریعے ایک لاکھ ٹن گندم خریدی گئی ہے۔

چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے اجلاس کو بتایا کہ مزید ایک لاکھ ٹن گندم کی خریداری کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔  پاسکو سے بعد میں مزید 3 لاکھ ٹن گندم خریدی جائےگی۔ ضروریات کے لیے 3لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا بھی ارادہ ہے۔ ان اقدامات سے گندم کے 15لاکھ ٹن کے ذخائردستیاب ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں گندم اور آٹے کی اضافی قیمتوں پر نوٹس لیتے ہوئے جولائی سے رعایتی نرخوں پر گندم کا کوٹہ ریلیز کرنے کا فیصلہ کر لیاتھا۔

اس ضمن میں مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کامران بنگش نے کہا تھا کہ عوام کو سستے نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائیں گے،پاسکو سے گندم کی مزید خریداری کے لیے رابطہ میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ گندم کی درآمد سے متعلق بھی غور جاری ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا گندم کی صورت حال کو مانیٹر کر رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا فلور ملز مالکان کا گندم کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ خیبرپختونخوا فلورملز مالکان نے حکومت سے گندم کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔

فلورملز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی ضرورت 12 ہزار ٹن یومیہ ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت مطلوبہ مقدار میں گندم فراہمی میں ناکام ہو چکی ہے۔

فلور ملز مالکان کا کہنا تھا کہ پشاور فلورملز کو یومیہ صرف 54 بوری گندم ملتا ہے۔ صوبائی حکومت کے پاس 2 ہفتے آٹے کی ضرورت کیلئے اسٹاک موجود ہے۔

فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق فلور ملز کو ایک شفٹ کی گندم فراہمی سے 50 فیصد آبادی کو سستا آٹا مل سکتا ہے۔ پنجاب حکومت نے گندم اسمگلنگ کا الزام عائد کرکے چیک پوسٹیں بھی قائم کی ہیں


متعلقہ خبریں