جعلی اکاؤنٹس کیس: زرادری کیخلاف اہم گواہ اسلم مسعود انتقال کر گئے


اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف اہم گواہ اسلم مسعود اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔

ذرائع کے مطابق اسلم مسعود گردوں کے مرض میں مبتلا تھے۔ اسلم مسعود جعلی اکاؤنٹس کیس کے اہم گواہ اور اومنی گروپ کے اکاؤنٹنٹ تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیسز کا سامنا کرنے والے ایک اور ملزم زین ملک کی 9 ارب 5 کروڑ روپے کی پلی بارگین کی منظوری کرلی تھی۔

احتساب عدالت کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے دوران ملزم زین ملک ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

احتساب عدالت کے جج نے ملزم سے استفسار کیا تھا کہ آیا وہ اپنی مرضی سے پلی بارگین کر رہے ہیں؟ جس پر ملزم زین ملک نے عدالت کو بتایا کہ جی میں اپنی مرضی سے پلی بارگین کر رہا ہوں۔

مزید پڑھیں: نیب کی بڑی کامیابی، جعلی اکاونٹس کیس میں ایک اور وصولی

اس پر عدالت نے ملزم سے پوچھا کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ پھر کسی بھی سرکاری عہدے کے لیے نااہل ہوں گے؟ اس پر زین ملک نے عدالت کو بتایا کہ جی میں پلی بارگین کے نتائج جانتا ہوں۔

خیال رہے کہ 29 جولائی کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے زین ملک کی پلی بارگین رپورٹ احتساب عدالت اسلام آباد میں جمع کرادی تھی۔

نیب نے احتساب عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا تھا کہ زین ملک کی 6 کیسز میں 9 ارب 5کروڑ 5 لاکھ 54 ہزار 34 روپے کی پلی بارگین منظور کرلی گئی ہے۔

نیب رپورٹ کے مطابق زین ملک نے ایک ارب روپے نیب کے حوالے کردیے ہیں۔ زین ملک بقیہ 8 ارب روپے 3 سال میں سہ ماہی اقساط میں جمع کرائیں گے۔

نیب رپورٹ کے مطابق زین ملک نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس، پنک زیزیڈنسی ریفرنس میں پلی بارگین کی۔ نیب نے زین ملک کی نہر خیام میں الاٹمنٹ کے ریفرنس میں بھی پلی بارگین بھی منظور کرلی۔

نیب رپورٹ کے مطابق اے ون انٹرنیشنل اکاوَنٹ پر نیب تحقیقات میں بھی پلی بارگین منظور کرلی گئی۔ اوپل جوائنٹ وینچر پر نیب تحقیقات میں بھی پلی بارگین منظور کرلی گئی۔

نیب رپورٹ کے مطابق 8ارب روپے کی مبینہ ٹرانزیکشن پر جاری نیب تحقیقات میں بھی پلی بارگین منظور کرلی گئی۔

خیال رہے کہ مارچ میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے احتساب عدالت کو بتایا گیا تھا کہ زین ملک کے ساتھ پلی بارگین کا عمل شروع ہوچکا ہےاور مختلف کیسز میں واجبات کی ادائیگی کا طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں